شاہینوں کی اصل آزمائش کا وقت آگیا آج انگلینڈ سے مقابلہ

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ڈے اینڈ نائٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

ناصر جمشید اور راحت علی کے ٹیم کو جوائن کرنے کے باوجود فوری طور پرمیدان میں اترنے کا امکان نہیں ہے۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ کپ سے قبل شاہینوں کی اصل آزمائش کا وقت آگیا، بدھ کو انگلینڈ کیخلاف وارم اپ میچ میگا ایونٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا آخری موقع ہے۔

تجربات کا سلسلہ بدستور جاری رہنے کی توقع ہے، ٹاپ آرڈر پر سرفراز کو مزید ایک موقع دیا جاسکتا ہے، یونس خان کو بھی خود کو دباؤ سے آزاد کرنے کیلیے بڑی اننگز کی ضرورت ہے، ناصر جمشید اور راحت علی کے ٹیم کو جوائن کرنے کے باوجود فوری طور پرمیدان میں اترنے کا امکان نہیں ہے، دوسری جانب انگلش سائیڈ بھی گرین شرٹس پر اپنی تیاریوں کو آزمانے کیلیے بے چین ہے، سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ڈے اینڈ نائٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔


اس روز دیگر پریکٹس میچز میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ ، زمبابوے کا سامنا سری لنکا اور آسٹریلیا کا ٹکراؤ متحدہ عرب امارات سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو بمشکل 3 وکٹ سے شکست دی تھی، اب اس کا مقابلہ دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ سے ہے، میگا ایونٹ سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا یہ آخری موقع ہے۔ گذشتہ میچ میں سہیل خان کی فٹنس پر بھی سوال پیدا ہوگیا تھا، ان کے میدان میں اترنے کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا جبکہ بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے ابتدائی معرکے کیلیے عرفان کو آرام دیا جاسکتا ہے، انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف پانچ وکٹیں لے کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس مقابلے میں احمد شہزاد کے ساتھ سرفراز احمد نے اوپننگ کی تھی لیکن ناکام رہے تھے۔

انھیں ٹاپ آرڈر پر صلاحیتوں کے اظہار کا ایک موقع اور مل سکتا ہے۔ انجرڈ حفیظ کے متبادل ناصر جمشید اور راحت علی راستے میں ہیں اگر وہ ٹیم کو جوائن کر بھی لیتے ہیں تو فوری طور پر ان کے لیے میدان میں اترنا ممکن نہیں ہوگا۔ صہیب مقصود نے گذشتہ میچ میں شاندار اننگز کھیلی تھی، انھیں اس بار انگلینڈ کے زیادہ خطرناک اٹیک کے سامنے آزمایا جائیگا، یونس خان بڑی اننگز اسکور کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس سے ان پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے، بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ سے قبل اس دباؤ سے نجات کیلیے انھیں بڑے اسکور کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کے حوصلے بھی کافی بلند ہیں، ویسٹ انڈیز کیخلاف 9 وکٹ کی فتح نے اعتماد میں اضافہ کردیا اور وہ گرین شرٹس پر بھی ہاتھ صاف کرکے پورے اعتماد کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اترنا چاہتے ہیں۔

پہلے وارم اپ میچ میں کرس ووئکس نے پانچ وکٹیں لیکر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ ٹاپ آرڈر پر معین علی کی موجودگی بھی پاکستانی اٹیک کیلیے چیلنج ہوگی۔ اسی روز تین مزید وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے۔کرائسٹ چرچ میں میزبان نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ پہلے میچ میں باہر بیٹھنے والے پروٹیز قائدابراہم ڈی ویلیئرز اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ لنکولن میں سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ آسٹریلیا میلبورن میں یو اے ای کے خلاف میدان سنبھالے گا۔ہیمسٹرنگ انجری سے نجات پانے والے کپتان مائیکل کلارک کی واپسی ہوگی وہ اس میں فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔
Load Next Story