کراچی میں موسیقارپولیس اہلکاراورڈاکٹرسمیت5افراد قتل

گارڈن سے پی ٹی وی کے قمراللہ دتہ کی لاش ملی،ناظم آبادمیں ڈاکٹرکبیر کونشانہ بنایاگیا

کلفٹن میں کارگوآفس پردستی بم سے حملہ،زورداردھماکا،2 گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں معروف موسیقار،پولیس اہلکار اور ڈاکٹر سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ عثمان آباد میں فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

گارڈن کے علاقے نشتر روڈ شادی لان والی گلی میں کھڑی ہوئی ہنڈا سٹی کار سے 50 سالہ قمر اﷲ دتہ کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغواکے بعد سر اور سینے پرگولیاں مارکرقتل کردیا،ایس ایچ او گارڈن فتح محمد شیخ نے بتایا کہ مقتول پی ٹی وی کے معروف موسیقار اور نیو رضویہ سوسائٹی کرن اسپتال صفورا چوک کے رہائشی تھے، مقتول بدھ کی سہ پہر 4 بجے گھر سے نکلے تھے اور آخری بار ان کا اہلخانہ سے 6 بجے قریب رابطہ ہوا تھا،منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ نیازمحسود ہلاک ہوگیا۔


گارڈن کے علاقے عثمان آباد رحمانیہ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ ابراہیم گردن پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر اس کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مومن آباد کے علاقے سائٹ میٹروول فرنٹیئر کالونی دلکش میوزک سینٹر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار42 سالہ آصف سہیل ہلاک ہوگیا، مقتول سائٹ تھانے میں تعینات تھا واقعے کے وقت مقتول ڈیوٹی ختم کر کے گھر جارہا تھاکہ تعاقب میں آنے والے ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا،ناظم آباد نمبر2 ریلوے کراسنگ قبا مسجدکے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے48 سالہ ڈاکٹرکبیرحسین سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او ناظم آباد شوکت رضا نے بتایا کہ مقتول کا عباسی شہید اسپتال احباب سوئٹ شاپ کے قریب دعا کے نام سے اسپتال ہے۔کلفٹن بلاک ون بنگلہ نمبر 24 میں واقع نیٹو فورسزکو آئل سپلائی کرنے والے شیخ یعقوب کے کارگو آفس پرنامعلوم افرادنے دستی بم سے حملہ کیا، بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ بنگلے کے باہر کھڑی 2 گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ بنگلہ کی بیرونی دیواروں پر متعدد چھروں کے نشانات پڑگئے ہیں ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دستی بم دیسی ساختہ اور Hrges/69 تھا ، پولیس کے مطابق کارگو کمپنی کے مالک شیخ یعقوب کا آبائی تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے ۔

21 مئی 2012 کو بھی اس کے گھر پر دستی بم پھینکا گیا تھا،ذرائع کے مطابق دستی بم حملہ ایک ڈرامہ ہے ، شیخ یعقوب اس طرح کی حرکتیں امریکاکی شہریت حاصل کرنے کے لیے کر رہا ہے ۔اورنگی ٹاؤن پونے پانچ نمبر پر پولیس کی اسنیپ چیکنگ کے دوران چند قدم کے فاصلے پر زیڈ ایم سی آفس کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے سوزوکی پک آپ کا ڈرائیور 22 سالہ محمد نعیم ولد محمد عرفان ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش قطر اسپتال پہنچائی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد لاش پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی ، مقتول بلدیہ ٹاؤن نمبر سیکٹر A مکان نمبر 316 کا رہائشی تھا ۔

Recommended Stories

Load Next Story