ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقاریب آج 2 شہروں میں سجائی جارہی ہیں

کرائسٹ چرچ اور میلبرن میں ہونے والی تقاریب میں معروف گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے

کرائسٹ چرچ اور میلبورن میں معروف گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے، آتشبازی کی جائے گی ۔ فوٹو : فائل

11ویں عالمی کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو دونوں مشترکہ میزبان ممالک کے شہروں کرائسٹ چرچ اور میلبورن میں جمعرات کو سجائی جارہی ہیں۔


کرکٹ ٹیموں کے ایکشن میں آنے سے دو دن قبل اس رنگارنگ تقریبات میں آنے والے مہمانوں کو مقامی کلچر اور موسیقی سے لطف اٹھانے کا موقع میسر آرہا ہے، نیوزی لینڈ میں ہونے والی افتتاحی تقریب کرائسٹ چرچ کے نارتھ ہیگلے پارک میں ہورہی ہے، جس میں صرف میزبان ملک ہی نہیں بلکہ کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے تمام افراد خوشیاں منائیں گے، تین کیوی کرکٹرز سر رچرڈ ہیڈلی، اسٹیفن فلیمنگ اور برینڈن میک کولم تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کررہے ہیں، اسٹیج پر اسپیشل ویڈیو پروگرام کے ذریعے ورلڈ کپ کی تاریخ پر روشنی ڈالی جائے گی۔اس کے بعد افتتاحی تقاریر کا سلسلہ ہوگا اور پھر ایونٹ کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔تقریب میں براہ راست میوزیکل شو ہوگا، جس میں شیپز فٹر، ہیلے ویسٹرینا اور گنی بلیک مور جیسے فنکار شرکت کررہے ہیں، تقریب کے اختتام پر شاندار آتشبازی کی جائے گی۔

دوسری جانب میلبرن میں ہونے والی افتتاحی تقریب سڈنی مائر میوزک باؤل اسٹیڈیم میں ہوگی، اس میں بھی ورلڈ کپ کے پلیئرز ، کلچرل اور میوزیکل پرفارمنس ہوگی، جس کے بعد رنگ و نور سے آسمان کو جگمگایا جائے گا۔ جیسیکا ہیلڈا مابوئے، آسٹریلوی پاپ سنگر ٹینا ایرینا اور نتھانیل اینڈ ڈیرل برائٹ ویٹ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔
Load Next Story