اقوام متحدہ توہین مذاہب کو عالمی جرم قرار دے اہلسنت تحفظ ناموس رسالت ؐ اے پی سی

ہر مسلمان ناموس رسالتؐ پر مرمٹنے کو تیار ہے، او آئی سی کفار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے، محمد خان قادری

ہر مسلمان ناموس رسالتؐ پر مرمٹنے کو تیار ہے، او آئی سی کفار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے، محمد خان قادری۔ فوٹو فائل

تحفظ ناموس رسالت محاذکے زیراہتمام امریکی توہین آمیز فلم کے خلاف احتجاجی تحریک تیزکرنے کے سلسلے میں اہلسنت تحفظ ناموس رسالت آل پارٹیزکانفرنس جامعہ نعیمیہ میں منعقد ہوئی۔

جس کی صدارت کرتے ہوئے مفتی محمد خان قادری نے کہا کہ عاشقان رسول کسی صورت توہین رسالت برداشت نہیں کریں گے، شدید گناہگار مسلمان بھی اپنے نبی کی ناموس پر مر مٹنے کیلیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ او آئی سی مردہ گھوڑے کا کردار بندکرے اور کفارکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے۔


سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہاکہ ناموس رسالت پرکوئی سمجھوتہ ممکن ہی نہیں، 14 اکتوبر کو سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام کراچی سے راولپنڈی تک نامو س رسالت ٹرین مارچ کرکے باطل نظام کو ہمیشہ گھر بھیجنے پر مجبورکردیں گے۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 7 اکتوبرکو ہزاروں عاشق رسول لیاقت باغ راولپنڈی میں آزاد پاکستان کانفرنس میں ناموس رسالت پر مر مٹنے کا عہد لیں گے۔

ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ مولانا راغب نعیمی نے کہا کہ اپنی جانیں نثارکردیں گے لیکن ناموس رسالت کا پرچم نیچے نہیں ہونے دیں گے۔ علامہ رضائے مصطفیٰ نقشبندی، مولانا محمد علی نقشبندی، پیر محمد اطہرالقادری ، مفتی محمد اقبال چشتی ، مولانا مصطفیٰ ہزاروی ، محمد ضیاء الحق نقشبندی ، مفتی محمد عمران ، مفتی محمد حسیب قادری ، مفتی محمدکریم خان ، پیر بشیر احمد یوسفی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت عالمی امن کو سبوتاژ کرنے اور تہذیبوں کے درمیان تصادم کی کوشش ہے، یہ کانفرنس ان دہشت گردانہ مذموم اور گستاخانہ عمل کی پُر زور مذمت کرتی ہے۔
Load Next Story