فٹبال کے عاشق ایڈیلیڈ شہر میں کرکٹ کا میلہ سج گیا

ہوٹلز سیاحوں سے بھر گئے، پاک بھارت میچ کے دوران پرچموں کی بہار نظر آئے گی

ہوٹلز سیاحوں سے بھر گئے،پاک بھارت میچ کے دوران پرچموں کی بہار نظر آئے گی فوٹو : فائل

ایڈیلیڈ پاک بھارت شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا،فٹبال سے عشق رکھنے والے شہر میں کرکٹ کا میلہ ماحول بدل کر رکھ دے گا۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں کرکٹ کو سب سے مقبول کھیل کا درجہ حاصل نہیں، ایڈیلیڈ اسٹیڈیم کے اطراف کی آبادی میں پاک بھارت میچ کے حوالے سے کوئی گہری دلچسپی نہیں پائی جاتی، فٹبال سے عشق رکھنے والے شہر میں ورلڈکپ کے حوالے سے کوئی بورڈ تک نصب نہیں ،صرف ایئر پورٹ پر ایک اشتہار موجود ہے جس میں دھونی، گیل اور کلارک کی تصاویر ہیں۔ بھارتی اسٹارز ویرات کوہلی، اجنکیا راہنے اپنے ملک میں تو شائقین کی نظروں سے اوجھل نہیں رہ سکتے لیکن ایڈیلیڈ میں ٹیم پریکٹس کیلیے آئی تو کسی نے خاص توجہ نہ دی۔

البتہ دونوں روایتی حریف ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن اور میگا ایونٹ دیکھنے کیلیے آنے والے سیاحوں کا جوش و خروش دیدنی ہے،کئی تو امریکا اور انگلینڈ سے صرف اس ایک میچ کیلیے ہی یہاں پہنچے ہیں۔ اتوار کو چھٹی کے دن کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ دلچسپی سے دیکھے جانیوالے معرکے کیلیے شائقین کی بڑی تعدادآسٹریلیا کے مختلف مقامات سے ایڈیلیڈ کا رخ کررہی ہے، ہوٹلزکے کمرے بک ہوچکے جو باقی ہیں ان میں بھی ہفتے کی شام تک جگہ باقی نہیں رہے گی، یہاں اسٹیڈیم میں 53ہزارسے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے،عام طور پر بیشتر نشستیں خالی رہ جاتی ہیں، تاہم اس بارپاک بھارت میچ کی وجہ سے بھرپور کراؤڈ ہوگا، میچ کے دوران اسٹیڈیم میں پرچموں اور بینڈ باجوں کی بہار نظر آئینگی۔
Load Next Story