ناکامی پر مصباح پھر غیرذمے دارانہ بیٹنگ کا رونا رونے لگے

سب بیٹنگ کرتے تو 301 کا ہدف مشکل نہ تھا، اگلے مقابلے پر توجہ دینا ہوگی، قومی کپتان

مصباح الحق بھارت کے خلاف زوردار اسٹروک کھیل رہے ہیں، عقب میں حریف کپتان اور وکٹ کیپر مہندرا دھونی بھی موجود۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور:
کپتان مصباح الحق پھر غیرذمہ دارانہ بیٹنگ کا رونا رونے لگے، ان کا کہنا ہے کہ درمیان میں ایک ساتھ تین وکٹیں گرنے سے راستہ کھو بیٹھے، سب بیٹنگ کرتے تو 301 کا ہدف مشکل نہ تھا، اس میچ کو اب بھلا دینا ہی بہتر ہوگا، ہمیں اگلے مقابلے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

بھارت سے ورلڈ کپ میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت میں مصباح نے کہا کہ بھارتی ٹیم کافی اچھا کھیلی، نہ صرف بڑا مجموعہ بورڈ پر سجایا بلکہ بولنگ بھی اچھی کی، درمیان میں تین وکٹیں گنوانے سے ہم اپنا راستہ کھو بیٹھے، پچ کافی اچھی تھی، میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہمارے سب بیٹسمین اپنا حصہ ڈالتے تو یہاں پر 301 کا ہدف حاصل کرلینا ناممکن نہیں تھا، دو بیٹسمین تو چند بالز کے ہی مہمان ثابت ہوئے، اس بارے میں زیادہ بات اب نہیں کی جاسکتی، اب ہمیں آگے کی جانب دیکھنا ہے، اس مقابلے کے بارے میں سوچنا بھی درست نہیں ہوگا، ہمیں پوری توجہ اپنے اگلے میچ پر دینا ہوگی۔


فاتح کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے بہت خوش ہوں، جب آپ پہلے بیٹنگ کرتے تو صورتحال اتنی آسان نہیں ہوتی، شروع میں پیس میں یکسانیت نہیں ہوتی، ضرورت وکٹ پر قیام کرنے کی ہوتی ہے، ویرات اور شیکھر کے درمیان اچھی شراکت ہوئی اور پھر رائنا نے عمدہ بیٹنگ کی۔

پریس کانفرنس میں دھونی سے پوچھا گیا کہ آخر ورلڈ کپ میں پاکستان سے کبھی بھی نہ ہارنے کا کیا راز ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا سبب کھلاڑیوں کی خود اعتمادی ہے، تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے یقیناً پاکستان کو ورلڈ کپ میں ہر بار شکست دی ہے جس پر فخر کیا جاسکتا ہے لیکن وہ وقت بھی آئے گا جب بھارتی ٹیم پاکستان سے ہار بھی سکتی ہے اور یہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے، مین آف دی میچ ویرات کوہلی کہتے ہیں کہ یہ میرے کیریئر کا سب سے بڑا میچ تھا، ورلڈ کپ کا آغاز ہم نے انتہائی شاندار انداز میں کیا ہے، توقعات کا دباؤ تھا لیکن خوشی ہے کہ اچھا کھیلنے میں کامیاب رہا۔
Load Next Story