پاک بھارت ٹیمیں میدان اور شائقین باہر آمنے سامنے آ گئے

سڈنی میں پُرجوش نوجوان ہوش کھوبیٹھے، ہنگامہ آرائی نے4افرادکواسپتال پہنچادیا

چھکا لگنے پر ناراض افراد نے جوش کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرسیاں اور ٹیبلزپلٹ دیں ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹیمیں میدان اور شائقین باہر آمنے سامنے آ گئے۔

سڈنی میں پُرجوش نوجوان ہوش کھوبیٹھے، میری لینڈز کلب میں میچ دیکھنے کے دوران ہونیوالی ہنگامہ آرائی نے چار افراد کو اسپتال پہنچادیا، پولیس جھگڑے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے، کلب انتظامیہ کے مطابق اس ہنگامہ آرائی کے ذمہ دار40 افراد ہیں جنھوں نے ایک چھکا لگنے پر غیرضروری طور پر جوش کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرسیاں اور ٹیبلز پلٹ دیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج مقابلے میں شائقین کرکٹ جوش میں ہوش کھوبیٹھے، سڈنی میں میچ دیکھنے والے آپس میں لڑ پڑے اور کرسیاں و ٹیبلز پلٹ ڈالیں، اس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال تک جانا پڑا۔


یہ افسوسناک واقعہ میری لینڈز کلب میں پیش آیا جہاں میچ دکھانے کیلیے بڑی اسکرین لگائی گئی تھی، پولیس جھگڑے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے،اس سلسلے میں سی سی ٹی وی فوٹیج سے ان لوگوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے جو ہنگامہ آرائی کا سبب بنے۔کلب چیف ایگزیکٹیو کے مطابق 40 افراد اس گڑبڑ کے ذمہ دار ہیں جنھوں نے ایک چھکا لگنے پر غیرضروری طور پر جوش وخروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرسیاں پھینکنا شروع کردی تھیں، دوسری جانب میچ کے بعد ایڈیلیڈ کا شہر ایک بار پھر معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آیا ،ہوٹل خالی ہوگئے اور دوسرے شہروں سے آنیوالے شائقین کی واپسی ہو رہی ہے۔

مقابلہ دیکھنے کیلیے دنیا بھر سے پاکستانی و بھارتی شائقین کی بہت بڑی تعداد ایڈیلیڈ پہنچی اور کئی ماہ پہلے سے ہوٹلزکی بکنگ کرائی گئی تھی۔گذشتہ چند روز سے ایڈیلیڈ میں میلے کا سماں رہا، 10لاکھ آبادی والے شہر کے مرکزی علاقے میں واقع کھانے پینے کے ایشیائی ریستورانوں پر لوگوں کا تانتا بندھا رہا،ایسے مواقع بھی آئے کہ کئی ریستورانوں میں کھانا ختم ہوگیا۔میچ میں شکست کے بعد پاکستانی شائقین مایوسی کے عالم میں اسٹیڈیم سے واپس لوٹے ہیں ۔
Load Next Story