آئی پی ایل نیلامی یوراج 16 کروڑ کے عوض دہلی میں شامل

ٹیم نے میتھیوز کو بھی 7.5 کروڑ میں اپنالیا، دنیش کارتھک کو 10.5کروڑ ملیں گے

ہاشم آملا، کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردنے کو کوئی خریدار میسر نہیں آسکا۔ فوٹو: فائل

MANSEHRA:
آئی پی ایل کے آٹھویں ایڈیشن کیلیے پلیئرز کی نیلامی میں یوراج سنگھ فرنچائز مالکان کیلیے ہاٹ کیک بنے رہے اور دہلی ڈیئرڈیولز نے بھارتی آل راؤنڈر کی خدمات 16 کروڑ روپے کے عوض حاصل کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل پلیئرز کی نیلامی کے ابتدائی دن پیر کو دہلی ڈیئرڈیولز نے سب سے بڑی بولی دے کر یوراج سنگھ کی خدمات حاصل کرلیں، فرنچائز نے یوراج کیلیے رائل چیلنجرز بنگلور سے مقابلہ کیا، بنگلور نے گذشتہ برس یوراج کیلیے 14 کروڑ روپے دیے تھے لیکن اس مرتبہ نیلامی سے قبل انھیں ریلیز کردیا، دوسرے راؤنڈ میں ظہیرخان کو 4 کروڑ کے عوض دہلی نے حاصل کرلیا۔


سن رائزر حیدرآباد نے بھی اہم پلیئرز کی خریداری کی۔ اس نے انگلش اسٹار کیون پیٹرسن کو 2 کروڑ، ایون مورگن کو 1.5 کروڑ اور روی بوپارا کو ایک کروڑ کے عوض اپنا بنالیا، سن رائزرز نے کیوی بیٹسمین کین ولیمسن کیلیے بھی 60 لاکھ خرچ کیے، ٹرینٹ بولٹ کو3.8 کروڑ دے کر اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا، گذشتہ برس ممبئی انڈینز کی جرسی زیب تن کرنے والے پراوین کمار اس مرتبہ سن رائزرز کیلیے میدان میں اتریں گے، فرنچائز نے ان کیلیے2.2 کروڑ دیے، عرفان پٹھان کے لیے چنئی سپرکنگز نے 1.5 کروڑ دینے کی حامی بھری، بروڈا سے تعلق رکھنے والے پیسر مناف پٹیل میں فرنچائز نے دلچسپی نہیں لی۔

رائل چیلنجرز نے آسٹریلین پیسر سین ایبٹ کو ایک کروڑ دے کر اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا، فرنچائز نے ویسٹ انڈین ٹی20 کپتان ڈیرن سیمی کے لیے 2.8 کروڑ دیے، ان کیپ پلیئرز ممبئی کے بیٹسمین شیریاس ائر اور کشن کاریاپا میں بھی ٹیموں نے گہری دلچسپی لی، 20 سالہ آف اسپنر کشن کیلیے کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 2.4 کروڑ دیے جبکہ شیریاس کو دہلی ڈیئرڈیولز نے 2.6 کروڑ کے عوض اپنا بنالیا، فرنچائز ٹیموں کے درمیان پلیئرز کے تبادلوں کیلیے2 ہفتوں کی ونڈو آئندہ پیر سے شروع ہوگی۔
Load Next Story