افغان مہاجرین کا مسئلہ

افغان حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے باشندوں کی دوبارہ آباد کاری کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔

پاکستان میں جو بھی حکومت برسراقتدار آئی،اس نے غیر ملکیوں کی آمد کے حوالے سے آنکھیں بند رکھیں، فوٹو : فائل

ایک خبر کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کیمپوں سے باہرتقریباً11 لاکھ رہائش پذیرافغان مہاجرین کوواپس افغان کیمپوںمیںلانے اورغیررجسٹرڈ 10لاکھ مہاجرین کاڈیٹااکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میںصوبوں کوٹاسک دے دیاگیا ہے۔ بلاشبہ افغانستان سے آئے ہوئے لوگ جنھیں مہاجرین کا نام دیا جاتا ہے' پاکستان کے لیے سنگین مسائل کا سبب بن گئے ہیں' دہشت گردی اور ڈاکا زنی کی کئی وارداتوں میں افغان باشندے ملوث پائے گئے ہیں۔

معاشی اور سماجی حوالے سے بھی پاکستانیوں کے لیے کئی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ان افغان باشندوں کو افغانستان بھجوانا انتہائی ضروری ہے۔ لاکھوں افغان باشندوں کو مہاجر کیمپوں میں بھجوانا بھی مسئلے کا حل نہیں ہے کیونکہ یہ لوگ دوبارہ کیمپوں سے نکل کر ملک میں پھیل جائیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں مقیم تمام افغان باشندوں کو واپس بھجوایا جائے۔ افغان باشندے کہیں قبائلی اور نسلی عصبیت کو استعمال کر کے رہائش پذیر ہیں اور کہیں انھوں نے بدعنوان سرکاری اہلکاروں کو استعمال کر کے قانونی دستاویزات حاصل کر لی ہیں اور کہیں وہ مذہب و مسلک کا سہارا لے کر رہائش پذیر ہیں۔ پاکستان کے لیے یہ صورتحال اچھی نہیں ہے۔


حکومت کو اس حوالے سے ایک سخت اور مربوط پالیسی تشکیل دینی چاہیے' افغانستان میں اب خانہ جنگی نہیں ہے' افغان حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے باشندوں کی دوبارہ آباد کاری کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔ افغانستان میں معاشی سرگرمیاں جاری ہیں' وہاں اگر بھارتی باشندے کام کر سکتے ہیں تو افغان مہاجرین واپس جا کر اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں حصہ کیوں نہیں لے سکتے۔ پاکستان کو اس حوالے سے امریکا کو بھی حقائق سے آگاہ کرنا چاہیے۔پاکستان میں جو بھی حکومت برسراقتدار آئی،اس نے غیر ملکیوں کی آمد کے حوالے سے آنکھیں بند رکھیں۔آج پاکستان میں لاکھوں بنگالی، بہاری، افغان، شمالی افریقہ کے ممالک کے باشندے اور عرب رہ رہے ہیں۔ان سب کو جمع کیا جائے تو یہ تعداد کئی کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔

ان باشندوں کی وجہ سے پاکستان میں معاشی ہی نہیں مسلکی اور نسلی منافرت پیدا ہورہی ہے ۔دنیا میں سرحدیں کراس کرنے کے قوانین ہیں،لیکن ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکیوں کو آنے اور جانے کی مکمل آزادی ہے۔اس غفلت ،کوتاہی اور لاپروائی نے پاکستان کو ایسے مسائل سے دوچار کردیا ہے، جنھیں حل کرنا ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکل ہوتا جارہا ہے۔
Load Next Story