کپاس کی پیداوار 1 کروڑ 46 لاکھ بیلز کے قریب پہنچ گئی

15فروری تک کپاس کی پیداوار میں 10.21 فیصد اضافہ، پنجاب 12، سندھ کی فصل 5.5 فیصد بہتر، 2 ہفتے میں 19 ہزار 471 بیلز۔۔۔

ٹیکسٹائل سیکٹر 1 کروڑ 29 لاکھ، ٹی سی پی نے 95 ہزار بیلز خریدیں، 4 لاکھ 63 ہزار گانٹھ برآمد، 10 لاکھ 97 ہزار گانٹھ روئی کا اسٹاک موجود ہے، پی سی جی اے۔ فوٹو: فائل

ملک میں 15فروری تک کپاس کی پیداوار 10.21 فیصدکے اضافے سے 1 کروڑ45 لاکھ93 ہزار896 گانٹھ تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں کپاس کی پیداوار 1 کروڑ 32لاکھ 42 ہزار 157 گانٹھ رہی تھی، یکم تا15 فروری تک19ہزار 471 بیلز کے برابر پھٹی فیکٹریوں میں پہنچی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 10ہزار268بیلز روئی فیکٹریوں میں آئی تھی۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن(پی سی جی اے) کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں15فروری تک کپاس کی مجموعی پیداوار 1کروڑ 6لاکھ 39ہزار 320 گانٹھ رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں94لاکھ 93ہزار 662 گانٹھ کی پیداوار سے 12.07 فیصد زیادہ ہے جبکہ سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں15 فروری تک 5.50 فیصد کے اضافے سے 39 لاکھ 54 ہزار576 گانٹھ کے برابر کپاس پہنچی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 3748495گانٹھ کپاس فیکٹریوں میں پہنچی تھی، بلوچستان کی پیداوار 11.03فیصد بڑھ کر 77ہزار2 گانٹھ رہی، صوبہ پنجاب کے6اضلاع وہاڑی، لودھراں، پاکپتن، قصور، جھنگ اور سرگودھا میں کپاس کی پیداوار 0.21 فیصد سے لے کر 30.78 فیصدتک کمی رہی جبکہ صوبہ سندھ کے 2اضلاع حیدرآباد اور جامشورو کی پیداوار میں بالترتیب 11.06 اور 22.15 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔


رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر نے 15 فروری تک 1 کروڑ 29لاکھ 38ہزار 23گانٹھ روئی کی خریداری کی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ٹیکسٹائل سیکٹر نے 1کروڑ 17لاکھ 62ہزار 493 گانٹھ روئی خریدی تھی، زیرتبصرہ مدت تک مختلف ممالک کو4لاکھ 63ہزار 162گانٹھ روئی برآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3 کروڑ 53 لاکھ 369 لاکھ بیلز برآمد کی گئی تھیں۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے اس عرصے میں 94 ہزار 900 گانٹھ روئی کی خریداری کی گئی اور 15 فروری 2015 تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں روئی کی 10 لاکھ 97 ہزار 811 گانٹھیں فروخت کے لیے دستیاب ہیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 11 لاکھ 26 ہزار 295 گانٹھ روئی کا اسٹاک موجود تھا۔ رپورٹ کے مطابق 15 فروری تک کپاس کی پیداوار کے لحاظ صوبہ سندھ کا ضلع سانگھڑ پہلے نمبر پررہا۔

ضلع سانگھڑ کی جننگ فیکٹریوں میں 15 فروری تک 15 لاکھ 3 ہزار 741 گانٹھ کپاس پہنچی، پنجاب کا ضلع رحیم یارخان 13 لاکھ 94 ہزار 631 گانٹھ پیداوار کے ساتھ دوسرے جبکہ بہاولنگر 13 لاکھ 85 ہزار 503 گانٹھ کپاس کی پیداوار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، فی الوقت 202 جننگ فیکٹریوں میں پھٹی کی جننگ اور پریسنگ کا کام جاری ہے جن میں سے پنجاب میں 170 اور سندھ میں 32 فیکٹریاں فعال ہیں۔
Load Next Story