سندھ میں ریچھ اور کتوں کی لڑائی پر پابندی عائد کردی گئی

سرکس اور گلی گلی ریچھ کے کرتب پر بھی پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر سزاملے گی، صوبائی وزیر

بدین میں ہرنوں کی اموات پرفاریسٹ افسر معطل، کنزرویٹر وائلڈ لائف سے رپورٹ طلب۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں ریچھ اور کتے کی لڑائی پر فی الفور پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ سرکس اور گلی گلی گھوم کر ریچھ کے کرتب دکھا کر بھیک مانگنے پر بھی پابندی ہوگی۔


صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی محکمہ وائلڈ لائف اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کرچکا ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی اور2 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ رضا کارانہ طور پر محکمہ وائلڈ لائف میں ریچھ جمع کرانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی لیکن محکمہ وائلڈ لائف کے افسران و اہلکاروں کی جانب سے مارے گئے چھاپوں میں بازیاب ریچھوں کو محکمہ وائلڈ لائف اپنی تحویل میں لے گا اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے بدین میں قائم بے نظیر پارک میں ہرنوں کی پراسرار اموات کی رپورٹ ملنے پر ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسر کی معطلی کے احکام جاری کردیے اور اس ضمن میں کنزرویٹر وائلڈ لائف سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔
Load Next Story