بھارتی کوسٹ گارڈ کا اعتراف جرم

بھارتی کوسٹ گارڈ نے پاکستانی کشتی کو دھماکے سے تباہ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

پاکستانی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ کشتی کو آگ لگا کر بھارت نے ایک بار پھر عالمی قانون کی خلاف ورزی کی۔ 4 معصوم شہریوں کے قتل کا ذمے دار بھارتی کوسٹ گارڈ ہے، فوٹو : فائل

بھارتی کوسٹ گارڈ نے پاکستانی کشتی کو دھماکے سے تباہ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ جب کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اس اعتراف پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے اور اس کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر عالمی ممالک کے سامنے آ گیا ہے۔ پاکستانی ماہی گیروں کی کشتی نئے سال کی رات (31 دسمبر 2014 ) کو تباہ کی گئی تھی جس پر بھارتی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کشتی پر دہشتگرد سوار تھے جنہوں نے خود ہی اپنی کشتی دھماکے سے اڑا دی تاہم ٹی وی چینلز پر جو منظر دکھایا گیا اس سے صاف پتہ چلتا تھا کہ کشتی پر حملہ باہر سے کیا گیا ہے۔

بعد ازاں بھارتی کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے پاکستانی کشتی کو تباہ کرنے کا حکم دینے کا اعتراف کیا لیکن میڈیا پر شور مچنے پر جواب دہی سے انکار کر دیا۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ بھارتی حکام نے بحیرہ عرب میں پاکستانی ماہی گیروں کی کشتی خود تباہ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ اخبار کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل بی کے لوشالی نے حکم دیا تھا کہ کشتی کو اڑا دو اور ساتھ ہی صفائی پیش کی کہ کیا ہم پاکستانیوں کو بریانی کھلاتے۔ لوشالی نے یہ اعتراف کوسٹ گارڈ اور دیگر افسران کے سامنے ایک تقریب میں کیا۔ بعد ازاں میڈیا میں شور مچنے اور جواب طلبی ہونے پر لوشالی نے انڈین ایکسپریس میں شایع ہونے والے اپنے بیان کی تردید کر دی۔


لوشالی حکم دینے کے مجاز نہیں تھے کیونکہ اس وقت نگرانی شمال مغربی ریجن کے کوسٹ گارڈ کمانڈر کر رہے تھے۔ لوشالی کی تردید کے بعد انڈین ایکسپریس نے ڈی آئی جی کوسٹ گارڈ بی کے لوشالی کی اپنے بیان سے منحرف ہونے کی کوشش ناکام بنا کر کشتی تباہ کرنے کے حکم والی ویڈیو نشر کر دی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 31دسمبر کی رات پاکستان سے مبینہ طور پر بھارتی سمندری حدود میں داخل ہونے والی کشتی کو 'اڑانے کا حکم' خود انھوں نے دیا تھا۔ کوسٹ گارڈ افسر کے بیان کے بعد وزیر دفاع موہن پریکر نے بنگلور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔ کشتی مبینہ دہشتگردوں نے خود تباہ کی۔ اگر کسی افسر نے کوئی غلط بیان دیا ہے تو انکوائری کے بعد اس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے لہذا یہ معاملہ یہیں ختم ہو جانا چاہیے۔

انھوں نے اس واقعے کی انکوائری رپورٹ جاری کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر منیش تیواڑی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے وہ یہ بتائے کہ اس رات کیا ہوا تھا۔ پاکستانی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ کشتی کو آگ لگا کر بھارت نے ایک بار پھر عالمی قانون کی خلاف ورزی کی۔ 4 معصوم شہریوں کے قتل کا ذمے دار بھارتی کوسٹ گارڈ ہے۔ عالمی برادری واقعہ کا نوٹس لے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت اس خطے کا امن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے جب کہ پاکستان امن کو بر قرار رکھنے کے لیے ہر ممکن تحمل سے کام لے رہا ہے لیکن بھارت اپنی جارحیت اور ہماری امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھے۔
Load Next Story