کرپشن ملکی ترقی وخوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہے چیئرمین نیب

نیب کو شکایتوں میں اضافہ عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے، پشاورمیں سالانہ معائنے سے خطاب

پشاور: چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سالانہ معائنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

قومی احتساب بیوروکے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے کہاہے کہ ملک کی ترقی اورخوشحالی کی راہ میںسب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے جس سے ایک طرف غربت اور ناانصافی جنم لیتی ہے تودوسری طرف ایک حقدار شخص اپنے حق سے محروم ہو جاتا ہے، نیب کے پاس شکایتوں میں اضافہ اس ادارے پرعوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔


ان خیالات کااظہار انھوں نے جمعے کوقومی احتساب بیورو پشاور کے سالانہ معائنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے نیب خیبرپختونخوا کے دفترمیں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودابھی لگایا۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کرپشن سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت کے دوران ناممکن ہوجاتی ہے بلکہ قومی خزانے کوبہت نقصان پہنچتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کرپشن کے حوالے سے پاکستان 175ویں نمبرسے 126ویں نمبرپر آگیا ہے جو پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے اور اس میں قومی احتساب بیوروکا اہم کردار ہے۔ گزشتہ سال پلڈاٹ کے سروے کے مطابق 42 فیصدلوگوں نے نیب پراعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ پولیس اورسرکاری اداروں پریہ شرح بالترتیب 30 اور 29 فیصد ہے۔ انھوں نے نیب خیبر پختونخوا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام بدعنوان عناصر اور اشتہاریوں کی گرفتاری کی ہدایات بھی جاری کیں۔ قبل ازیں چیئر مین نیب کونیب خیبرپختونخوا کی 2014 کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
Load Next Story