میٹروول سے کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر گرفتار

کورنگی پولیس نے ٹارگٹ کلر سمیت 13 ملزمان گرفتار کرلیے، اسلحہ برآمد

گرفتار ٹارگٹ کلر 2 پولیس اہلکاروں سمیت9 افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔ فوٹو: فائل

رینجرز نے میٹروول میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر کوگرفتار کرلیا گیا، کورنگی پولیس نے ٹارگٹ کلر سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

گرفتار ٹارگٹ کلر 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ، مہران بیس کی چار دیواری کے ساتھ قائم کچی آبادی سے9 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے میٹروول کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات گروپ کے اہم کمانڈر گرفتار کیا، ملزم دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھا، پولیس و رینجرز پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات کی منصوبہ بندی میں شریک تھا، ملزم کا نام صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے، ملزم کو تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔


علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد پر بھی چھاپہ مارا اور 3 افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم رینجرز کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ٹیلی فون ریسیو نہیں کیا، دریں اثنا ایس ایس پی کورنگی جنید احمد شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ فیصل کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلال کالونی کے رہائشی ٹارگٹ کلر شہزاد عرف منا ولد شاہ نواز بنگالی کو گرفتار کر کے ایک پستول اور2 مسروقہ موبائل فون برآمد کرلیے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلر نے دوران تفتیش زمان ٹاؤن اور کورنگی صنعتی ایریا میں 2 پولیس اہلکار انور اور مجاہد سمیت 9 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے، انھوں نے بتایا کہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرنے پر ڈی آئی جی ایسٹ نے پولیس پارٹی کے لیے نقد رقم اور تعریفی اسناد انعام دینے کا اعلان کیا ہے انھوں نے بتایا کہ الفلاح پولیس نے دوران گشت ملزم ارشد اقبال ولد اقبال حسن کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا،جنید احمد شیخ نے بتایا کہ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مسلم آباد کے علاقے میں مہران بیس کی عقبی چار دیواری کے ساتھ قائم کچی آبادی میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 9 افغان باشندوں کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے پاس کسی قسم کے قانونی دستاویزات نہیں انھیںواپس افغانستان بھجوایا جائے گا، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے چوری کی موٹر سائیکلوں کو ٹیمپرکرنے والے گروہ کے کارندے نعیم کوگرفتارکر لیا،کے آئی اے پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران گزشتہ دنوں قتل کی جانے والی خاتون حنیفہ کے قتل کے الزام میں قربان علی نامی شخص کو گرفتار کرلیا ہے، دریں اثنا سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 90 چھاپے مارے جبکہ ایک مقابلہ ہوا جس میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے ، مجموعی طور پر 93 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
Load Next Story