بصیرپورمیں زیرحراست برطانوی شہری کا ملا فضل اللہ سے تعلق کا انکشاف

ملزم نے ڈی پی او جھنگ کو دھمکی دی تھی کہ طالبان کا بندہ ہوں کتوں کی لڑائی بند نہ ہوئی تو بم دھماکا کردونگا

اوکاڑہ پولیس نے جھنگ میں درج ایف آئی آر کو اسکے خلاف مقدمے میں ضمنی طور پر شامل کر لیا۔ فوٹو: فائل

ڈی پی او اوکاڑہ کو بم دھماکے کی دھمکی دینے والے مبینہ برطانوی شہری کے تحریک طالبان کے ملا فضل اللہ سے تعلق کے شواہد ملے ہیں۔

اس امرکا انکشاف اس کے خلاف تھانہ کوتوالی جھنگ میں درج ایک مقدمے سے ہوا جس میں اس نے دعویٰ کیاتھا کہ میں تحریک طالبان کا کارکن ہوں اور میرا تعلق مولوی فضل اللہ سے ہے۔تھانہ صدر اوکاڑہ پولیس نے تھانہ کوتوالی جھنگ کی ایف آئی آر کو یہاں اس کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج ہونے والے مقدمے میں ضمنی کے طور پر شامل کرلیا۔


ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانانے بتایا کہ تھانہ کوتوالی جھنگ کا سب انسپکٹر احمد نواز کتوں کی لڑائی پر بم دھماکے کی دھمکی دینے والے مقدمے میں گرفتار ملزم حق نواز کو لینے آیا تو اس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ کوتوالی میں ایک ایف آئی آر نمبر104/15درج ہے جس میں اس نے ڈی پی او جھنگ کو ٹیلی فون پر دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ میں تحریک طالبان کا کارکن ہوں میرا تعلق مولوی فضل اللہ سے ہے ۔یہاں پر کتوں کی لڑائی بند نہ ہوئی تو یہاں پر بم دھماکا کردوں گا۔

ملزم حق نواز خو دکو برطانوی شہری بتاتا ہے اسکا یہ بھی کہنا تھا کہ اسکا سارا خاندان برطانیہ میں مقیم ہے۔اسے اوکاڑہ پولیس نے گرفتار کرکے لاہور انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے ساہیوال جیل بھجوا دیاگیا۔آج پیر کو جھنگ پولیس اسے جیل سے طلب کروانے کے لیے اوکاڑہ کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں درخواست دیگی۔
Load Next Story