امن کے قیام میں ارباب اختیار ناکام ہوچکے ہیں شاہی سید

ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں اب معمول بن چکی ہیں

ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں اب معمول بن چکی ہیں. فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے اولین فرائض میں سر فہرست عوام کو امن سکون مہیا کرنا ہے۔


جس میں ارباب اختیار مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں کراچی میں امن اب ایک بھولی بسری کہانی بن چکی ہے ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں اب روز کا معمول بن چکی ہیں ، عوام بڑھتی مہنگائی سے پہلے بدحال تھے آئے روز کی ٹارگٹ کلنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ایک طرف تو کراچی کے تاجر لوڈشیڈنگ کے وجہ سے پریشان تھے دوسری طرف بھتہ خوری نے شہر میں کاروبار ی سرگرمیوں کو نقصان پہنچایا ہے شہر میں جاری مسلسل بد امنی کی اہم وجہ کراچی بھر میں قائم نو گو ایریاز ہیں جس کا خاتمہ اب ناگزیر ہوچکا ہے۔

باچا خان مرکز سے جاری بیان میںاے این پی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا ہے کہ ایک طرف حکومت سیاسی مصلحتوں کا شکار ہے تو دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں قیام امن کے لیے قطعی غیر سنجیدہ ہیں چیف جسٹس خود کہہ چکے ہیں کہ اگر سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن پر عمل کیا جاتا تو اب تک کراچی کا امن بحال ہوچکا ہوتا کراچی کی از سر نو منصفانہ حلقہ بندیاں وقت کی اہم ضرورت ہے شر پسندوں کے خلاف ٹھوس کارروائیوں کے بجائے نمائشی اقدامات سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہزاروں انسانوں کے قتل کے باوجود اب تک کسی قاتل کو سزا نہیں دی جاسکی ہے۔
Load Next Story