کے ایم سی کی ہیلپ لائن 1339 کو فعال کردیا گیا شرجیل میمن

شوروم مالکان کو سڑکوں پرگاڑیاں پارک کرنے پر نوٹس جاری کردیےگئے۔

کراچی، صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن زیبرا کراسنگ اور ٹریفک مینجمنٹ مہم کا افتتاح کررہے ہیں۔

KARACHI:
وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ''صاف سرسبز سندھ، پرامن سندھ'' کی مہم ایک ہفتہ نہیں بلکہ ایک سال تک جاری رہے گی، کے ایم سی کی ہیلپ لائن 1339 کو فعال کردیا گیا ہے، جہاں عوام اپنی تمام تر شکایات کا اندارج کروائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو ''صاف سرسبز سندھ، پرامن سندھ'' کے چوتھے روز آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی کمپنی میڈی کیم کی جانب سے سڑکوں پر زیبرہ کراسنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے شروع کی جانے والی مہم کے افتتاح، ہل پارک کراچی میں شجر کاری اور صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیراچانک سندھی مسلم ہاؤسنگ ہوسائٹی میں قائم گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلزپرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول پہنچ گئے،انھوں نے کلاس روم میں لائٹس اور پنکھوں کی کمی کی شکایات پر ڈائریکٹر ایجوکیشن کی سرزنش کی اور کے ایم سی کے زیر انتظام اسکولوں کے مسائل کی رپورٹ طلب کی۔


اس موقع پر انھوں نے اسکول کے پرنسپل کو اپنی جیب سے نقد رقم دی، علاوہ ازیں صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ لوکل ٹیکسز نے5روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں لگے ہوئے 150 سے زائد غیر قانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتار دیے گئے، خلاف ضابطہ اور غیر ضروری اشتہاری بورڈز کے خلاف یہ کارروائی ''گرین اینڈکلین سٹی'' مہم کے حصہ ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نیو ایم اے جناح روڈ، خالد بن ولید روڈ اور دیگر سڑکوں پر قائم کار شو رومز کے باہر فٹ پاتھ اور سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے پر شو روم مالکان کو 72 گھنٹے کا نوٹس جاری کردیا اور ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر گاڑیوں کو نہ ہٹایا گیا تو بلدیہ عظمیٰ کراچی انسداد تجاوزات بائی لاز کے تحت بحق سرکار ان گاڑیوں کو ضبط کرلے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسدادتجاوزات نے ''گرین اینڈ کلین سٹی مہم'' کے تحت انسداد تجاوزات کے آپریشن کے دوران تجاوزات مافیا کے کارندوں کی مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے بنارس فلائی اوور کے نیچے قائم کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔
Load Next Story