زخمی احمد شہزاد زمبابوے کے خلاف کلئیر قرار

برسبن: زمبابوے کے خلاف ورلڈ کپ کے گروپ میچ کے لئے پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہونے والے احمد شہزاد کو کلئیر قرار دے دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پریکٹس سیشن کے دوران احمد شہزاد کو بائیں پاؤں کی ایڑھی میں چوٹ لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے جنہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ایم آئی آر ٹیسٹ بھی کرا گیا جب کہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں تاہم انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا۔

دوسری جانب ٹیم منیجمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ احمد شہزاد معمولی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم ان کا چوٹ ایسی نہیں کہ انہیں زمبابوے کے خلاف میچ سے ڈراپ کیا جائے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور فاسٹ بولر جنید خان کی صورت میں خسارے کا سامنا رہا جو ورلڈ کپ سے قبل ہی انجری کا شکار ہونے کے بعد ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔