افغانستان میں پاکستانی سفیر طلب 4 سفارتکاروں کی حراست پر احتجاج

نائب افغان وزیر خارجہ نے سفارتی اہلکاروں کی پشاور میں گرفتاری پراپنی تشویش سے آگاہ کیا

نائب افغان وزیر خارجہ نے سفارتی اہلکاروں کی پشاور میں گرفتاری پراپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ فوٹو: فائل

افغان حکومت نے کابل میں پاکستانی سفیر کو طلب کرکے انھیں چند روز قبل پشاور میں مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے قونصلیٹ کے 4 سفارتکاروں کی حراست پر احتجاج کیا ہے۔


افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ 4 سفارتی اہلکاروں کو جمعرات کو چھاپوں کے دوران یونیورسٹی ٹاؤن کے علاقے سے حراست میں لیا گیا تھا، حکام کے مطابق انھیں تقریباً ایک گھنٹے کے بعد شناخت ہونے پر رہا کردیا گیا تھا، افغانستان کی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق نائب افغان وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی نے سفارتی اہلکاروں کی پشاور میں گرفتاری اور مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر پاکستانی سفیر کواپنی تشویش سے آگاہ کیا اور اس عمل کو سفارتی تعلقات کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

بیان کے مطابق پاکستانی سفیر سید ابرار حسین نے اس واقعے کے سلسلے میں ملکی حکام کو آگاہ اور ضروری اقدامات کرنے کا وعدہ کیا افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے واقعے پرکوئی تبصرہ نہیں کیا۔
Load Next Story