پروٹیز کیخلاف یادگار فتح پر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے نہال

مصباح نے خود کو بہترین قائد ثابت کیا جبکہ سرفراز کی تعریف کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں، حنیف محمد

مصباح نے خود کو بہترین قائد ثابت کیا جبکہ سرفراز کی تعریف کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں، حنیف محمد۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف ورلڈ کپ تاریخ کی پہلی فتح پر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے نہال ہو گئے۔

حنیف محمد نے کہا کہ مصباح الحق نے خود کو بہترین قائد ثابت کیا اور پلان کے تحت ٹیم کو فتح دلائی، بولرز نے تو کمال کردیا اور وکٹ سے بھر پور فائدہ اٹھایا. انھوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی تعریف کے لیے میرے پاس الفاظ موجود نہیں ہیں۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہاکہ اس جیت نے ثابت کردیاکہ قومی ٹیم کسی بھی وقت کچھ بھی کر سکتی ہے۔ سرفراز احمد نے ایک مرتبہ پھرموقع دیے جانے پر خود کو منوایا۔


سابق چیف سلیکٹرصلاح الدین صلونے کہاکہ سرفرازاحمد نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا، کانٹے دار میچ میں اوپنر کی حیثیت سے جارحانہ بیٹنگ کرکے وہ سرخرو ہوئے، ٹیم مینجمنٹ کو اب اندازہ ہوجانا چاہیے کہ سرفراز احمد تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کے لیے موزوں ہیں۔

محمد یوسف نے کہا کہ جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھنے لگا پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی پوزیشن میں بھی بہتری آ رہی ہے البتہ اصل امتحان کوارٹر فائنل سے شروع ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ناک آئوٹ مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ یا آسٹریلیا کے ساتھ ہوسکتا ہے لیکن میری خواہش ہے کہ ہم کیویز سے ٹکرائیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ ابراہم ڈی ویلیئرز کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ درست نہیں تھا ، راحت علی اور وہاب نے نہایت عمدہ بولنگ کی، اس کا کریڈٹ مصباح الحق کو بھی جاتا ہے جنھوں نے پیسرز سے بہتر انداز میں کام لیا۔
Load Next Story