ایسا محسوس ہوا جیسے کیریئر کا پہلا میچ کھیل رہا ہوں سرفرازاحمد

دنیا کے بہترین بولنگ اٹیک کا سامنا کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے پر خوش ہوں، وکٹ کیپر

دنیا کے بہترین بولنگ اٹیک کا سامنا کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے پر خوش ہوں، وکٹ کیپر۔ فوٹو : اے ایف پی

سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈکپ ڈیبیو سخت دباؤ کا حامل رہا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جیسے کیریئر کا پہلا میچ کھیل رہا ہوں۔

جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں پہلی بار کھیلنے کا واقعی بڑا دباؤ تھا لیکن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے میرا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ میچ سے لطف اندوز ہونے کا ارادہ لے کر میدان میں اترو اور اپنے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کرو۔


سرفراز احمد نے کہا کہ میں دنیا کے بہترین بولنگ اٹیک کا سامنا کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے پر خوش ہوں، صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے پر مینجمنٹ، سپورٹ کرنے والے پرستاروں اور اپنے اہل خانہ کا شکر گزار ہوں، کوشش کروں گا کہ آئندہ بھی قوم کی توقعات پر پورا اتروں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو سرفراز احمد کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث شکست دی۔ سرفراز احمد نے جنوبی افریقا کیخلاف بیٹنگ میں 49 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ فیلڈنگ میں وکٹوں کے پیچھے 6 شکار بھی کئے۔
Load Next Story