جونیئر ڈیوس کپ ٹینس پاکستان نے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا

ٹیم کی سری لنکاپرجیت، فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلیے آج قازقستان سے مقابلہ ہو گا

ٹیم کی سری لنکاپرجیت، فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلیے آج قازقستان سے مقابلہ ہو گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان جونیئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ رائونڈ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق جونیئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ رائونڈ میں پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، ناقابل شکست کی حیثیت سے کوارٹر فائنل میں پہنچے والے اسکواڈ نے ہفتے کو سری لنکا کیخلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔ ابتدائی سنگلز میں محمد رضا سوانی نے سری لنکن جیرکیو راجا پکسے کو یکطرفہ مقابلے میں 6-2 اور 6-2 سے شکست دی۔ دوسرے سنگلز میں مزمل مرتضیٰ نے حریف انتھوجان سلوا رتنا راجا کو 6-2 اور 6-4 سے زیر کرتے ہوئے پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا،ڈبلز مقابلہ رسمی کارروائی کی صورتحال اختیار کرگیا جس میں رضا سوانی اور مزمل پر مشتمل پاکستانی جوڑی کو راجا پکسے اور سلوارتنا کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد 6-4,4-6 اور5-7 سے مات ہوئی۔


فائنل میں رسائی کیلیے قومی اسکواڈ اتوار کو ٹاپ سیڈ قازقستان سے مقابلہ کرے گا۔ دوسری طرف فیڈ کپ میں پاکستانی گرلز ٹیم نے پانچویں پوزیشن کے ابتدائی پلے آف میچ میں ترکمانستان کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے مات دی۔ ابتدائی سنگلز میں حانیہ نوید نے حریف مرال احمدووا کو 6-4 اور 6-3 سے زیر کرتے ہوئے پاکستان کو برتری دلائی۔

دوسرے سنگلز میں علینہ آفتاب ترکمانستانی ڈیانابیزروتجنکووا کے ہاتھوں 6-1 اور 6-2 سے ہار گئیں۔ فیصلہ کن کی حیثیت اختیار کر جانے والے ڈبلز میں علینہ آفتاب اور ماہین آفتاب پر مشتمل پاکستانی جوڑی کو ترکمانستانی ڈیانا اور آزوو نے ابتدائی سیٹ میں4-6 سے مات دیدی، اس موقع پر علینہ اور ماہین نے ہمت ہارنے کے بجائے حریف پیئر کا جم کر مقابلہ کیا اور اگلا سیٹ 7-5سے اپنے نام کرلیا۔ آخری سیٹ میں بھی سخت مقابلہ ہوا لیکن قسمت پاکستانی پیئر پر مہربان رہی اور اس نے 7-5 سے کامیابی حاصل کرلی۔ ٹیم اتوار کو پانچویں پوزیشن کیلیے کرغزستان کے مقابل آئے گی۔
Load Next Story