ایکسپو پاکستان سے 69 کروڑ ڈالر کے برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع

35 کروڑ کے آرڈرزمل چکے، مزید کیلیے رابطے، غیرملکیوں وایکسپورٹرزمیں 1912 ملاقاتیں

35 کروڑ کے آرڈرزمل چکے، مزید کیلیے رابطے، غیرملکیوں وایکسپورٹرزمیں 1912 ملاقاتیں فوٹو : ٹی ڈی اے پی

ایکسپو پاکستان نمائش سے اب تک 35 کروڑ ڈالر کے برآمدی آرڈرز مل چکے ہیں۔

مزید 30 کروڑ ڈالر کے برآمدی آرڈرز کیلیے خریداروں اور ایکسپورٹرز میں رابطے جاری ہیں، نمائش کے اختتام تک 69 کروڑ ڈالر کے برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔ یہ بات ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو طاہر رضا نقوی نے گزشتہ روز ایکسپو سینٹر میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے اب تک کے نتائج بہت بھرپور اور حوصلہ افزا ہیں، اس سال 356 سرفہرست پاکستانی ایکسپورٹرز نے نمائش میں شرکت کی جبکہ گزشتہ نمائش میں 295کمپنیوں نے حصہ لیا تھا۔


اسی طرح غیرملکی خریداروں کی شرکت کے لحاظ سے بھی نمائش کامیاب رہی اور 67 ممالک کے 710خریداروں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی دعوت پر نمائش میں شرکت کی جبکہ مجموعی طور پر غیر ملکی خریداروں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے، گزشتہ سال 582غیرملکی خریداروں نے شرکت کی تھی، نمائش کے دوران غیرملکی خریداروں اور پاکستانی ایکسپورٹرز کے درمیان 1912 کاروباری ملاقاتیں کرائی گئیں جبکہ نمائش کے 6ہالز میں لگے اسٹالز پر غیرملکی خریداروں کے 1648وزٹ ریکارڈ کیے گئے۔

طاہر رضا نقوی نے بتایا کہ متعدد غیرملکی خریدار لاہور سیالکوٹ اور فیصل آباد کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں فیکٹریوں کا دورہ کرکے مصنوعات کا جائزہ لیں گے اور مزید برآمدی سودے طے پائیں گے، نمائش میں شریک غیرملکی وفود میں سے متعدد نے پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہانگ کانگ نے خیرپور اکنامک زون میں 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاور پلانٹ میں میں دلچسپی ظاہر کی جبکہ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور جاپانی سرمایہ کاروں کے درمیان جاپان اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پایا ہے۔

نمائش کے انتظامات اور اخراجات میں شفافیت کے متعلق سوال پر سیکریٹری ٹی ڈی اے پی کبیر قاضی نے کہا کہ تمام امور میں پیپرا قوانین پر 100فیصد عملدرآمد کیا گیا، کم مالیت کے خرچ کیلیے ٹینڈر کی ضرورت نہیں تھی تاہم ایونٹ مینجمنٹ، اسٹال لگانے سمیت دیگر اہم کاموں کیلیے ٹینڈر کے ذریعے پارٹیوں کا انتخاب کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ نمائش کے فالو اپ کیلیے خصوصی سیل بنایا گیا ہے جو نمائش کے بعد غیرملکی خریداروں اور کمرشل قونصلرز کے ذریعے رابطہ کر کے زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کرنے کی کوشش کے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story