محموداللہ نے تاریخ میں سنہرے حروف سے نام درج کرالی

محمود اللہ میگا ایونٹ میں سنچری بنانے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی بن گئے۔

بنگلہ دیشی کرکٹر محمود سوئپ شاٹ کھیلنے کے لیے تیار، انگلینڈ کیخلاف انھوں نے 103 رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

محموداللہ کرکٹ تاریخ میں سنہرے حروف سے اپنا نام درج کراتے ہوئے ورلڈ کپ میں سنچری داغنے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی بن گئے۔


114 میچ کھیلنے والے رائٹ ہینڈر بیٹسمین نے ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی بار تھری فیگر اننگز سجائی۔ انھوں نے یہ کارنامہ پیر کو انگلینڈ کیخلاف تاریخی فتح میں انجام دیا، محمود اللہ نے103رنز بنائے، ان سے قبل ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا بنگلہ دیشی انفرادی اسکور تمیم اقبال کے نام تھا جو انھوں نے گذشتہ دنوں نیلسن میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف95رنزبناکرقائم کیا تھا، محمود نے اس مقابلے میں اپنے برادر نسبتی مشفیق الرحیم (89) کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے141رنز کی ریکارڈ شراکت بھی بنائی، ٹیم نے انگلینڈ سے گذشتہ 4 ون ڈے میچزمیں تیسری مرتبہ فتح کواپنا مقدر بنایا۔

جولائی 2010 میں بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں پہلی شکست سے قبل انگلینڈ نے ابتدائی 12 مقابلے جیتے تھے، مشفیق الرحیم ورلڈ کپ میچ میں ففٹی اور 4 کیچز تھامنے والے چوتھے وکٹ کیپر بنے، ان سے قبل بریڈ ہیڈن، ریڈلی جیکبز اور کمار سنگاکارا بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، گذشتہ 6 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں انگلش ٹیم تیسری مرتبہ پہلے مرحلے تک محدود رہی۔ یہ کسی بھی ٹیسٹ ملک کی بدترین پرفارمنس ہے، مجموعی طور پر ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ بنگلہ دیشی کی 11ویں فتح رہی، انگلینڈ کے سوا اس نے اسکاٹ لینڈ کو بھی2 مرتبہ ٹھکانے لگایا، افغانستان، برمودا، نیدرلینڈز، آئرلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ اور پاکستان بھی ایک ایک مرتبہ ٹائیگرز سے ہارے۔
Load Next Story