آئرلینڈ کیخلاف فتح کیلئے جان لڑا دیں گے عرفان

جیسے ہی آسٹریلیا ونیوزی لینڈ کی پچزکا اندازہ ہوا کارکردگی میں بہتری آ گئی ہے، پیسر

جیسے ہی آسٹریلیا ونیوزی لینڈ کی پچزکا اندازہ ہوا کارکردگی میں بہتری آ گئی ہے، پیسر. فوٹو: فائل

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے ہر میچ کو آخری سمجھ کر کھیل رہے ہیں اور آئرلینڈ سے مقابلے میں فتح کیلیے جان لڑا دینگے۔


ایڈیلیڈ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہمارا ہر مقابلہ بڑی اہمیت رکھتا ہے، مجھ سمیت ہر کھلاڑی کی یہی کوشش ہوگی کہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے فتح کا راستہ بنائے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کپتان مصباح الحق کی یہ بات بالکل صحیح ہے کہ بیٹسمین میری بولنگ پر جارحانہ انداز اختیار کرینگے تو فائدہ ہوگا، ابتدائی میچز میں انھوں نے میرے مقابل دفاعی انداز اختیار کیا تو مشکل ہوئی، چاہتا ہوں کہ بیٹسمین میری بولنگ پر اٹیک کرنے کی کوشش کریں، جس سے مجھے چیلنج ملتا ہے، اگرچہ اس میں چوکے بھی لگتے لیکن وکٹ بھی ملتی ہے۔

پیسر نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے میچ میں ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے کریمپ پڑگیا تھا لیکن ایک اوور بعد ہی میدان میں واپس آگیا اور مکمل فٹ ہونے کے بعد ٹریننگ کر رہا ہوں۔ عرفان نے کہا کہ پروٹیز کو کئی ایسے پلیئرزکی خدمات حاصل ہیں جو تنہا ہی میچ کا نقشہ بدل دیتے ہیں،مضبوط حریف کو ہرانے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، مجھ سے کہا گیا تھا کہ جلد ایک وکٹ حاصل کرنی ہے تاکہ میچ کی سمت متعین ہو سکے، میں نے وہ چیلنج قبول کیا اور اننگز کی دوسری ہی گیند پر ڈی کاک کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ آسٹریلیا میں پہلی بار کھیل رہا تھا اس لیے ابتدا میں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں وقت لگا، جیسے ہی مجھے پچزکا اندازہ ہوا، کارکردگی میں بھی بہتری آ گئی ہے۔
Load Next Story