لیاری گینگسٹرز میں تصادم لاشیں جلادیں مذہبی کارکنوں سمیت 6 قتل

گینگ وارکے ایک ہی گروپ میں فائرنگ،سوختہ لاشیں پولیس کارروائی کے بغیر گھر والے لے گئے،دیگرواقعات میں7زخمی

گینگ وارکے ایک ہی گروپ میں فائرنگ،سوختہ لاشیں پولیس کارروائی کے بغیر گھر والے لے گئے،دیگرواقعات میں7زخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی میں شدیدبدامنی کاسلسلہ جاری رہا،لیاری گینگ وارکے ملزمان کے درمیان تصادم میں انتہائی مطلوب ملزم سمیت6افرادمارے گئے۔

گینگ وارملزمان نے5افرادکی لاشیں جلادیں جبکہ شہرمیں فائرنگ کے دیگرواقعات کے دوران مذہبی جماعتوںکے کارکنوں سمیت6افرادقتل کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری آٹھ چوک پرگینگ وارکے کارندوں شیراز کامریڈ کے کارندے راشدعرف بنگالی اور عبد الجبار عرف جینگو کے کارندے اسرار بلوچ اپنے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ رقم کے تنازع پرجرگہ کر رہے تھے جس پردونوں گروپوں میں تلخ کلامی ہوگئی۔راشدبنگالی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جرگہ ختم کر کے جا رہا تھاکہ اسرار بلوچ نے عقب سے راشدبنگالی کو7گولیاں مار کر ہلاک کر دیااوراپنے ساتھیوں سمیت فرار ہو رہا تھا کہ راشد بنگالی کے ساتھیوں نے جوابی فائرنگ کے اسرار بلوچ کو ہلاک کر دیا۔

اسرار بلوچ کے دیگرساتھی فرارہو گئے۔ راشد بنگالی کے ساتھیوں نے اسراربلوچ اس کی لاش شیدی ولیج روڈ پر رکھ کر اس پر کچراڈال کرآگ لگا دی ۔مقتول راشد عرف بنگالی ٰ کی لاش لیاری جنرل اسپتال لائی گئی۔مقتول بغدادی ڈی ڈی چوہدری روڈ کا رہائشی اور ایک بیٹی کا باپ تھا،وہ پولیس کو قتل ، اقدام قتل ، پولیس مقابلوں،بھتہ خوری سمیت درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا،مقتول کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے5لاکھ روپے انعام مقرر کیا ہواتھا۔واقعے کے بعد راشد بنگالی گروپ کے لیڈر شیراز کامریڈنے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عبد الجبار عرف جینگو کے اڈے اور دیگرمقامات سے اسرار بلوچ کے رشتے دارسمیت4افراد کو اغوا کرنے کے بعدفائرنگ کر کے ہلاک کر دیااور لاشیں شیدی ولیج روڈ پررکھ کر ان پر کچرا ڈال آگ لگادی۔

گینگ وار کے کارندوں نے لیاری کے مختلف علاقوں کلیر ، نیا آباد ، ماما ہوٹل ، نیازی چوک،کھارادر چوک ، کھڈی مارکیٹ اور آٹھ چوک سمیت مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے دکانیں اورکاروبار بند کرادیا،لی مارکیٹ کے قریب گینگ وارکے ملزمان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کی زدمیں آکر35سالہ سہیل زخمی ہو گیا،کلری کے علاقے علی محمد محلہ میں فائرنگ کی زدمیں آکر10سالہ شہزاد سمیت2 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں شدید فائرنگ اور گینگ وار کے ملزمان کومشتعل دیکھ کر پولیس اوررینجرز نے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش نہیں کی جبکہ ایدھی اور چھیپا کی ایمبولینسیں بھی لی مارکیٹ سے آگے نہیں گئیں،پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اسرار بلوچ اوراس کے ساتھیوں کی سوختہ لاشیں ان کے گھر والے پولیس کارروائی کے بغیراپنے ساتھ لے گئے۔


ادھراورنگی ٹاؤن نمبر11خلیل مارکیٹ میں واقع شاہ الیکٹرانک پرموٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے32 سالہ محمدنسیم ہلاک ہوگیا۔مقتول دکان کامالک اوراسی علاقے کارہائشی تھا۔واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس کی بھاری نفری نے موقع پرپہنچ کرصورتحال کوکنٹرول کرلیا۔واقعے پرمشتعل افرادنے قطراسپتال میں ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث وہاں بھگدڑمچ گئی،اس دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقتول کابھائی شمیم اوروسیم کے علاوہ ایک راہگیرعرفان بھی زخمی ہوگیاجنھیں سول اسپتال لایا گیا۔

اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولاناسعید اکبر نے بتایا کہ مقتول نسیم ان کے زخمی ہونے والے دونوں بھائی ہمارے کارکنان ہیں،انھوں نے محمد نسیم کی ٹارگٹ کلنگ اور بھائیوں کوزخمی کرنے کے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ملزمان کوفوری طورپر گرفتار کیاجائے۔کورنگی صنعتی ایریاکے علاقے بلال کالونی پختون چوک کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 45سالہ عبدالغفارسومروہلاک جبکہ42سالہ ثنا اﷲ زخمی ہوگیا۔ مقتول اور زخمی ہونے والا دونوں دوست ہیں جبکہ زخمی ہونے والاثنا اﷲ چائے کے ہوٹل کامالک اور اے این پی کاعلاقائی عہدیدار ہے ،اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مقتول عبدالغفارپختون چوک کارہائشی اوراس کا آبائی تعلق نوابشاہ سے ہے ،واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے دکانیں و کاروبار بندکرادیا۔سرجانی ٹاؤن سیکٹر5/Dعلی جان تھلے والے کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار26 سالہ عباس قادری ہلاک ہو گیا،مقتول نئی کراچی یوسف گوٹھ کا رہائشی اورسنی تحریک سرجانی ٹائون کاسیکٹرانچارچ تھا،سنی تحریک کے ترجمان فہیم شیخ نے ایکسپریس کو بتایاکہ مقتول ایک ڈیڑھ سال کی بیٹی کاباپ اورزمینوں کی خریدو فروخت کاکام کرتا تھا۔واقعے کے بعدسرجانی ٹاؤن اورنیو کراچی کے متعدد علاقوں میں نامعلوم افرادنے فائرنگ کر کے دکانیں اورکاروبار بند کرا دیا،علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

کورنگی نمبر5 سیکٹر36/C آئی ایریاتاج ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار28 سالہ وارث مسیح ہلاک ہو گیا۔مقتول کورنگی شیرا آباد کالونی کا رہائشی تھا،مقتول کی اہلیہ بھی اس کے ساتھ تھی۔کورنگی ڈھائی نمبرگریس شادی ہال کے قریب فائرنگ سے35 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔گلشن اقبال چورنگی فاریہ موبائل مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے50 سالہ اظہرالحق ہلاک ہو گیا،مقتول بفرزون کا رہائشی تھا۔گھاس منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے40سالہ فضل شدیدزخمی ہوگیاجسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایاگیا، پولیس کے مطابق فضل متحدہ قومی موومنٹ کاکارکن ہے جبکہ اس کے پیٹ پر گولی لگی ہے اوراس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story