نجی شعبےکوقرضےدینےکیلیےبینکوں کے پاس سرمایہ ہےگورنرایس بی پی

امن و امان کی صورتحال میں بہتری اورتوانائی کے بحران میں کمی کے بعدنجی شعبے کی قرض گیری میں اضافہ ہوگا،اشرف وتھرا

معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں،5 سال میں موبائل اکاؤنٹس 5کروڑ تک بڑھائیں گے، موبائل بینکنگ کانفرنس سے خطاب وگفتگو۔ فوٹو: گیٹی امیجز/فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے، نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کے لیے بینکنگ سسٹم میں لکویڈیٹی کافی ہے۔

مقامی ہوٹل میں منعقدہ موبائل بینکنگ کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں، حکومت امن و امان کی بہتری اور توانائی بحران کے حل کے لیے کام کر رہی ہے جس سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بینکاری سے محروم آبادی کو مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے برانچ لیس بینکاری اور موبائل اکاؤنٹ ایک اہم متبادل ذریعہ ثابت ہورہے ہیں۔


ورلڈ بینک کی معاونت سے پاکستان میں مالیاتی خدمات کے پھیلاؤ کی قومی حکمت عملی ''نیشنل فنانشل انکلوژن اسٹریٹجی'' کے تحت آئندہ5 سال میں موجودہ 50لاکھ موبائل اکاؤنٹس کو 5کروڑ تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ماہانہ بنیادوں پر 125ارب روپے کی ٹرانزیکشن موبائل اکاؤنٹ کے ذریعے عمل میں لائے جارہی ہے، موبائل اکاؤنٹس ٹرانزیکشن کی ماہانہ تعداد24 ملین تک پہنچ چکی ہے، موبائل اکاؤنٹ کے ذریعے اوسطاً فی ٹرانزیکشن 5ہزار روپے کا لین دین کیا جارہا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں برانچ لیس بینکاری کا لائسنس حاصل کرنے والے 12 میں سے 8 بینک فعال ہیں جبکہ 4 بینکوں نے پائلٹ آپریشنز شروع کردیے ہیں جن میں بینک آف پنجاب اور جے ایس بینک بھی شامل ہیں، حال ہی میں کیے گئے ایکسس ٹو فنانس سروے کے مطابق پاکستان کی صرف 21فیصد بالغ آبادی کو روایتی مالیاتی خدمات تک رسائی حاصل ہے تاہم 2008کے مقابلے میں اس شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،2008 میں مالیاتی خدمات تک رسائی کا دائرہ صرف 12 فیصد آبادی تک محدود تھا، مالیاتی خدمات سے محروم افراد کی تعداد اب بھی بہت زیادہ ہے جسے کم کرنے میں برانچ لیس بینکاری کا شعبہ اہمیت کا حامل ہے۔

برانچ لیس بینکاری کے ذریعے عوام کو مالیاتی خدمات کی فراہمی کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق طویل مدتی حکمت عملی تیار کی ہے، اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کا برانچ لیس بینکاری فریم ورک مارکیٹ کی ترقی اور ایکو سسٹم کی تشکیل میں عمل انگیز کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صارفین کی شناخت سے متعلق نادرا کے نئے تصدیقی پراسیس سے برانچ لیس بینکاری میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
Load Next Story