سٹی اسٹیشن کے ریکارڈ روم میں آتشزدگی دستاویزات خاکستر

جلنے والا بوسیدہ ریکارڈ وے اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کا تھا۔

لیاقت آباد میں الیکٹرانک اشیا کے گودام میں آتشزدگی سے بھاری مالیت کا سامان جل گیا، فائر بریگیڈ کی5گاڑیوں نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ فوٹو: عرفان علی/ایکسپریس

سٹی اسٹیشن پر ڈی ایس آفس کے ریکارڈ روم میں آتشزدگی کے باعث دستاویزات خاکستر ہوگئیں، جلنے والا ریکارڈ وے اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کا تھا جو بوسیدہ ہوگیا تھا، فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ کو ریلوے کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ اور کنٹرول روم تک پہنچنے سے پہلے ہی بجھا دیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈپر سٹی اسٹیشن کے احاطے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس کے ریکارڈ روم میں آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کرایک گھنٹے کی جدوجہدکے بعد آگ پر قابو پالیا،فائر بریگیڈ ترجمان کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع پر جمعرات کو شام5بج کر10 منٹ پر ایک فائر ٹینڈر موقع پر روانہ کیا گیا، محکمہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف تھا کہ ریلوے فائر بریگیڈ کی بھی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی، ریلوے کے ریکارڈ روم میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔


ذرائع نے بتایا کہ ریلوے کی فائر بریگیڈ کو بھی فوری طور پر اطلاع دی گئی تھی تاہم وہ آگ لگنے کے ایک گھنٹے بعد موقع پر پہنچی ،شہری حکومت کے فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ کو ریلوے کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ اور کنٹرول روم تک پہنچنے سے پہلے ہی بجھا دیا اور ریلوے کو ایک بڑے نقصان سے بچالیا، ایس پی ریلوے روبن یامین بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئے تھے ، ریلوے ذرائع کے مطابق جلنے والا ریکارڈ وے اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کا تھا جو بوسیدہ ہو چکا تھا۔

آتشزدگی کا دوسرا واقعہ لیاقت آباد میں واقع الیکٹرانک کے سامان کے گودام میں پیش آیااطلاع پر فائر بریگیڈ کی5گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈیڑھ گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔آتش زدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کی واشنگ مشین،پنکھے اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
Load Next Story