ملازمین کے اکاؤنٹس منتقلی فیصلے میں دانش کی ضرورت

مناسب ہوگا کہ اس طرح کے فیصلے میں جلد بازی کا مظاہرہ کرنے اور ملازمین کو لازمی حکم کے بجائے ایک مخصوص مدت دی جائے۔

مناسب ہوگا کہ اس طرح کے فیصلے میں جلد بازی کا مظاہرہ کرنے اور ملازمین کو لازمی حکم کے بجائے ایک مخصوص مدت دی جائے۔ فوٹو:فائل

PESHAWAR:
حکومت کا کام محض امور سلطنت چلانا ہی نہیں بلکہ عوام کو امن و امان، انصاف اور بہتر سہولیات بہم پہنچانا بھی اس کے اولین فرائض میں شمار ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جن ادوار میں عوامی امنگوں کے حق میں فیصلے کیے جاتے ہیں وہ حکومتیں پسندیدہ شمار ہوتی ہیں، صورت دگر عوام اپنی ہی منتخب کردہ حکومتوں کے خلاف سراپا احتجاج نظر آتے ہیں۔

سندھ کی موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کو یک جنبش قلم اپنی تنخواہوں کی وصولی کے لیے ایک مخصوص بینک میں اکاؤنٹس کھلوانے کا فیصلہ بھی ایسا ہی اقدام ہے جس سے ہر جانب بلدیاتی ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ بلاشبہ سندھ ہائیکورٹ نے حکومت سندھ کی جانب سے ملازمین کے اکاؤنٹس لازمی طور پر مخصوص بینک میں منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کا صائب فیصلہ کیا ہے۔


اس تناظر میں دانش کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، اگر دیکھا جائے تو شاید اس فیصلے کے ہمہ جہت پہلوؤں کی جانب توجہ نہیں دی گئی۔ یہاں یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ کراچی جیسا گنجان آباد شہر جس کا رقبہ ہزاروں میل پر محیط ہے وہاں مذکورہ بینک کی محض چند شاخیں ہزاروں ملازمین کی پہنچ سے دور ہیں، ایسی صورت میں ملازمین جب دور دراز علاقوں سے مطلوبہ برانچ میں اپنی رقوم نکلوانے جائیں گے تو یقینی طور پر بدنظمی کا سامنا کرنا ہوگا۔

مناسب ہوگا کہ اس طرح کے فیصلے میں جلد بازی کا مظاہرہ کرنے اور ملازمین کو لازمی حکم کے بجائے ایک مخصوص مدت دی جائے تاکہ ہر شخص اپنی سہولت کے مطابق اکاؤنٹ کھلوا سکے نیز اس دورانیہ میں بینک کو بھی قائل کیا جائے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں میں اپنی برانچز کی تعداد بڑھائے تاکہ ہر علاقے کے لوگ ان برانچز سے مستفید ہوسکیں۔

واضح رہے کہ تجارتی سطح پر بینکوں کے کھاتہ داروں کا یہ بنیادی حق ہے کہ وہ جس بینک میں اپنی رقم رکھنا، ٹرانسفر کرنا یا نیا اکاؤنٹس کھولنا چاہیں اس پر کسی قسم کی قدغن نہیں لگائی جاسکتی، یہ طریقہ کار بینکاری کے مسلمہ اصولوں سے مربوط ہے تاکہ بینکوں کے مابین ایک صحتمند مسابقت کا جاری رہنا یقینی بنایا جائے۔ امید ہے ملازمین کے بینک اکاؤنٹس منتقلی کے فیصلے میں دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
Load Next Story