شہر میں آتشزدگی کے واقعات روئی کا گودام اور اسٹور جل گیا

فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا رہا

آگ لگنے کے باعث گودام میں پلاسٹک کی بوریوں میں رکھی روئی کی گانٹھیں مکمل طور پر خاکستر ہو گئیں۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات میں روئی کا گودام اور نجی کمپنی کا اسٹور جل گیا۔


تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود میں غازی آباد نور محمد گوٹھ میں روئی کے گو دام میں گذشتہ روز دوپہر 12 بجے اچانک اگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے دو فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا تاہم پانی دور سے لانے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا رہا جس پر فائربریگیڈ عملے نے سائٹ فائر اسٹیشن سے بائورز طلب کر لیا، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر ساڑھے تین گھنٹے بعد قابو پالیا ، آگ لگنے کے باعث گودام میں پلاسٹک کی بوریوں میں رکھی روئی کی گانٹھیں مکمل طور پر خاکستر ہو گئیں۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ شاٹ سر کٹ کے باعث لگی ہے،اس سے قبل گذشتہ روز صبح سوا 8 بجے شارع فیصل پر واقع نجی ایڈورٹائزمنٹ کمپنی کی تین منزلہ عمارت کے گرائونڈ فلور پر واقع اسٹور میں آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔
Load Next Story