ورلڈ کپ میں ناکامی بورڈ کا تحقیقات کرانے کا فیصلہ

آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود آل رائونڈرعبدالرزاق کو نہ کھلانے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے

پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کی سربراہی میں قائم کرکٹ کمیٹی شکست کے اسباب اور سلیکشن تنازع کا جائزہ لے گی۔ فوٹو: فائل

GUJRANWALA:
پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی قومی ٹیم کی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کے اسباب کا جائزہ لے گی اور اسکی سفارشات پر بورڈ کی اعلیٰ سطح کی ایگزیکٹیو کنٹرول کمیٹی کارروائی کرنے کا فیصلہ کریگی۔


پاکستان ٹیم سری لنکا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں16رنزسے ہارگئی تھی، شکست کے بعد کپتان محمد حفیظ نے ناکامی کی ملبہ مڈل آرڈر پر ڈال دیا تھا جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود آل رائونڈرعبدالرزاق کو نہ کھلانے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کی سربراہی میں قائم کرکٹ کمیٹی شکست کے اسباب اور سلیکشن تنازع کا جائزہ لے گی۔

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ اورکوچ ڈیو واٹمور اپنی رپورٹس بھی کمیٹی کو پیش کرینگے جنکی روشنی میں کمیٹی آفیشلز اورکھلاڑیوں کو طلب کرنے کا فیصلہ کریگی۔ واضح رہے کہ کمیٹی میں میانداد کے علاوہ ڈائریکٹر انٹرنیشنل انتخاب عالم، ڈائریکٹرڈومیسٹک ذاکر خان، ہارون رشید، شفیق پاپا اورآغا زاہد شامل ہیں جبکہ اسکے سیکریٹری ثاقب عرفان ہیں۔کرکٹ کمیٹی کی سفارشات پر کارروائی کا فیصلہ بورڈ کی ای سی سی کریگی۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی سربراہی میں قائم ای سی سی میں میانداد، انتخاب عالم اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد شامل ہیں۔ توقع ہے کہ منیجر اور کوچ کی رپورٹس ملتے ہی کرکٹ کمیٹی اپنی کارروائی کا آغاز کریگی۔
Load Next Story