ویمنز ٹوئنٹی 20 سیریز بولرز نے پاکستان کو سیریز کا فاتح بنادیا

جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں 6 وکٹ سے کامیابی

جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں 6 وکٹ سے کامیابی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD:
پاکستانی ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیم نے3 ٹوئنٹی 20 میچزکے دوسرے مقابلے میں 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔


تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ون ڈے چیمپئن شپ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کھانے والی پاکستانی ویمنز ٹیم نے شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے ابتدائی دونوں ٹی 20 میچز جیت لیے۔ جمعے کو شارجہ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں6 وکٹ پر 83 رنز بنائے، مہمان بیٹسویمنز کسی موقع پر بھی حریف بولرز پر حاوی نہ ہو سکیں،وقفے وقفے سے وکٹیں گرتے رہنے کی وجہ سے رن ریٹ بھی کافی سلو رہا۔


اسماویہ اقبال نے پہلے اوور میں تیشا چیتی کو ٹھکانے لگایا جبکہ دوسرے اوور میں برنڈین کو آؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر پوزیشن پر پہنچا دیا، بعدازاں انعم امین اور سمیعہ صدیقی نے بھی نپی تلی بولنگ سے حریف بیٹسویمنز پر دباؤ بڑھائے رکھا جس کی وجہ سے وہ کھل کر نہ کھیل سکیں، انعم نے 25 رنز کے بدلے 2 اور سمیعہ صدیقی نے 16 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی۔

سونی لیوزنے اختتامی اوورز میں 23 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 83 تک پہنچایا۔ آسان ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے پاکستان کی ابتدائی 4 وکٹیں بھی صرف 43 رنز پر گر چکی تھیں لیکن مشکل وقت میں بسمہٰ معروف اور اسماویہ اقبال نے پانچویں وکٹ کیلیے 41 رنز کی شراکت سے ٹیم کو 17.5 اوورز میں فتح سے ہمکنار کردیا، بسمہٰ 30 اوراسماویہ 21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ اسماویہ کو بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں بھی ویمن آف دی میچ قرار پائی تھیں، گرین شرٹس نے پہلا میچ 5 وکٹ سے جیتا تھا۔

Load Next Story