سروے کسی جماعت کی مقبولیت جانچنے کی بنیاد نہیں مسترد کرتے ہیں راجا پرویز

پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کے وزیراعظم کے انتخاب کیلیے دو دفعہ آزمائش کی گئی

اسلام آباد: وزیر اعظم راجا پرویز اشرف خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی سے بات چیت کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے صوبہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ہر رکن صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلیے دو' دو کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ یہ فنڈز جلد جاری کیے جائیں۔

وزیراعظم نے یہ اعلان پیپلزپارٹی کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے ارکان کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جنھوں نے گزشتہ روز انور سیف اللہ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح وبہبود اورترقیاتی کاموں میںاس کی کوششوں میں ہرممکن تعاون کرے گی۔ جمہوری اداروں اور اقدار کا زیادہ تراستحکام صدر زرداری کی دانشمندی صبروتحمل اور پاکستان سے محبت کی بدولت ہے۔


انھوں نے میڈیا میں مختلف سیمپل سرویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چند ہزار افراد پرمبنی سروے ملک میں کسی سیاسی جماعت کی مقبولیت جانچنے کی موثر بنیاد نہیں ہو سکتے ان سرویز کے ذریعے جن جماعتوں کی مقبولیت ظاہرکی گئی وہ اب اپنی کم مقبولیت پر بڑی افسردہ ہیں۔ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کی دو مرتبہ ملک کے چیف ایگزیکٹو کے انتخاب کیلیے آزمائش کی گئی۔ ملاقات میں ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعظم سے گلے شکوئوں کے انبار لگا دیے۔ چیئرمین ایگریکلچر ریسرچ کونسل ڈاکٹر افتخار احمد کی جانب سے بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نے کہا تحقیقی عمل پر خصوصی توجہ دیکر زراعت کے شعبے میں حیران کن نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انھوں نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ قدرتی وسائل ہونے کے باوجود فی ایکڑ پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ نہیں ہوسکا۔ وزیرتجارت امین فہیم سے ملاقات میں پرویز اشرف نے کہا پاکستان خطے میں ایک بڑا تجارتی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا انرجی سیکیورٹی حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے، موسم سرما کیلیے گیس کی تقسیم کیلیے بنائی جانیوالی پالیسی اور فارمولا اِس طرح ترتیب دیا جائے کہ گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

Recommended Stories

Load Next Story