حصص مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث 489 پوائنٹس گرگئے

مارکیٹ میں 344 کمپنیوں کے حصص کی خریدوفروخت ہوئی جن میں سے صرف79 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا

مارکیٹ میں 344 کمپنیوں کے حصص کی خریدوفروخت ہوئی جن میں سے صرف79 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری اور وقفے وقفے سے فروخت کے باعث منگل کو کراچی اسٹاک ایکس چینج میں اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان غالب آگیا۔

مارکیٹ میں تیل وگیس، بینکنگ، کیمیکلز، سیمنٹ سمیت بیشتر شعبوں میں فروخت دیکھی گئی، غیرملکی سرمایہ کاروں نے مارکیٹ سے 4لاکھ 84ہزار915 ڈالر کے سرمائے کا انخلا کیا، مندی کے نتیجے میں بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس بیک وقت 5 نفسیاتی حدیں گنوا بیٹھا اور489.53 پوائنٹس (1.54فیصد) کی کمی سے 31310.73 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 285.83 پوائنٹس گھٹ کر 19941.63 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 685.89 پوائنٹس کی کمی سے 51865.70 پوائنٹس اور کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 272.99 پوائنٹس گھٹ کر 22385.41 پوائنٹس پرآگیا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو85ارب 67کروڑ21لاکھ 92ہزار628 روپے کا نقصان ہوا اور مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 70کھرب کی سطح سے گر کر 69 کھرب 71ارب 29کروڑ 22 لاکھ 3 ہزار 863 روپے رہ گیا۔


مارکیٹ میں ایک موقع پر خریداری کا رجحان بڑھنے کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس 32075.72 پوائنٹس پر بھی دیکھاگیا تاہم منافع کے لیے فروخت کے باعث یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور انڈیکس ایک موقع پر 31259.26 پوائنٹس پر بھی دیکھا گیا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی ترقیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں نے خریداری کو ترجیح دی تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ دیگرآرگنائزیشن نے سرمائے کا انخلا کیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ مندی کا شکار ہوئی، منگل کو کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 9.58 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 12 کروڑ 83 لاکھ 3 ہزار 880 حصص کا کاروبار ہوا۔

مارکیٹ میں 344 کمپنیوں کے حصص کی خریدوفروخت ہوئی جن میں سے صرف79 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 243 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں اور 22 کمپنیوں کے بھاؤ برقرار رہے، سب سے زیادہ اضافہ رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوا جس کے حصص کی قیمت 279.71 روپے کے اضافے سے 10199 روپے پر بند ہوئی، اسی طرح صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت 24.99 روپے بڑھ کر 724.99 روپے پر بند ہوئی، سب سے زیادہ کمی باٹا پاکستان اور ایکسائیڈ پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی، باٹا پاکستان کے حصص کی قیمت 180.50 روپے کمی سے 3429.50 روپے اور ایکسائیڈ پاکستان کے حصص کی قیمت 52.50 روپے گھٹ کر1123 روپے پرآگئی۔


Load Next Story