ایل این جی کی پہلی درآمدی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

مائع قدرتی گیس لانیوالا ’’ایگزیکوئٹ‘‘ نامی جہازپورٹ قاسم کے خصوصی ٹرمینل پر لنگرانداز

ایل این جی لے کرآنے والا ’’ایگزیکوئٹ‘‘ نامی بحری جہازپورٹ قاسم پرایل این جی کی درآمد کے لیے بنائے گئے خصوصی ٹرمینل پر لنگرانداز ہوگیا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان ایل این جی درآمد کرنے والے ملکوں میںشامل ہوگیا ہے۔ ملکی تاریخ میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی پہلی درآمدی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔

درآمدی ایل این جی پاکستان میں توانائی کابحران کم کرنے میں مدددے گی۔ ایل این جی لے کرآنے والا ''ایگزیکوئٹ'' نامی بحری جہازپورٹ قاسم پرایل این جی کی درآمد کے لیے بنائے گئے خصوصی ٹرمینل پر لنگرانداز ہوگیا ہے۔ اینگروایل این جی کمپنی کے سی ای اوشیخ عمران الحق نے گزشتہ روزٹرمینل کادورہ کرنے والی میڈیاٹیم کوبتایا کہ جہازپر مائع گیس کی اسٹوریج کے ساتھ ری گیسفکیشن کی بھی سہولت موجودہے۔ یہ جہاز 15سال کے معاہدے کے تحت اینگروایل این جی ٹرمینل کوخدمات فراہم کرے گا۔ جہازپر آنے والی پہلی درآمدی کھیپ پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی نے شارٹ ٹرم بنیادوں پر درآمد کی ہے۔


درآمدی کھیپ کی مقدار 3ہزار ایم ایم سی ایف ہے جس میں سے یومیہ 200ایم ایم سی ایف گیس سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کی جائے گی۔ ایل این جی کو گیس میں تبدیل کرکے گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کرنے کا عمل جمعے سے شروع کردیا جائے گااور درآمد کی جانے والی پوری کھیپ 15روز میں سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔ مزید ایل این جی کی درآمد کے بارے میں انھوں نے کہاکہ اینگروایل این جی ٹرمینل کاکام صرف ریگیس فکیشن کی سہولت فراہم کرناہے۔

مزید گیس درآمدکرنے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ حکومت کرے گی۔ ایک اورسوال پرانھوں نے کہاکہ درآمدی گیس کہاں اور کیسے استعمال ہوگی اس بارے میں فیصلہ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور گیس کمپنیاں کریں گی۔ انھوں نے بتایاکہ ٹرمینل کی تعمیر پر 135 ملین ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

ایف ایس آر یو کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جہازپر نصب اس پلانٹ میں یومیہ 600ایم ایم سی ایف گیس ری گیسفیکشن کی گنجائش ہے تاہم حکومت نے 200ایم ایم سی ایف کا ٹینڈر دیا تھا سرپلس گنجائش دوسری پارٹیوں اور نجی شعبے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین آغاجان اخترنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پورٹ قاسم پر ایل این جی کی درآمد سے متعلق خدشات بے بنیاد ہیں۔ ڈرافٹ کی گہرائی 13میٹر ہے اور اس وقت جوجہاز ایل این جی لے کرآیا ہے اس کاڈرافٹ 11.2میٹر ہے۔
Load Next Story