پولٹری ایسوسی ایشن کیخلاف مسابقتی کمیشن کی پھرکارروائی

کارٹلائزیشن کے الزام میں انکوائری، لاہور اور اسلام آباد دفاتر کاریکارڈقبضے میں لے لیا

کارٹلائزیشن کے الزام میں انکوائری، لاہور اور اسلام آباد دفاتر کاریکارڈقبضے میں لے لیا۔ فوٹو : فائل

مسابقتی کمیشن پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے لاہور اور اسلام آباد دفاتر کاریکارڈ قبضے میں لیتے ہوئے ایسوسی ایشن کیخلاف ایک بار پھر کارٹلائزیشن اور مسابقتی قوانین کیخلاف طرز عمل اختیار کرنے کے الزامات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔


مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے مطابق کمیشن کے افسران پر مشتمل ایک ٹیم نے لاہور اور اسلام آباد میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے دفاتر سے ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے، کارروائی کا آغاز مختلف ذرائع سے ملنے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں مقامی مارکیٹ مین پولٹری فیڈ اور فیڈ ملز کی قیمت میں متوازی اضافہ اور پولٹری پراڈکٹ کی ایکسپورٹ کیلیے مخصوص کمپنیوں کی حمایت کے ذریعے مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کی شکایات شامل ہیں۔

کمیشن کے مطابق لاہور اور اسلام آباد کے دفاتر میں کمیشن کی کارروائی کے دوران پولٹری ایسوسی ایشن کے عملے نے مکمل تعاون کرتے ہوئے مطلوبہ ریکارڈ اور دستاویزات فراہم کیں جن کا باریک بینی سے مطالعہ کرکے الزامات کی تحقیق کی جائیگی۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ 2010میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر کارٹلائزیشن کا الزام ثابت ہونے پر 50ملین روپے کا جرمانہ عائد کیا جسے پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ ایسوسی ایشن کیخلاف الزامات کی تحقیقات ایسوسی ایشن کی حالیہ سرگرمیوں کے بارے میں نئی معلومات کی روشنی میں شروع کی گئی ہیں۔
Load Next Story