ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم نے رات بھر جشن فتح منایا

کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو پارٹی میں آنے کی دعوت یا اجازت نہیں دی گئی۔

ٹرافی کی شکل کا بڑا کیک کاٹا گیا، کھلاڑی گانے گاتے اور ڈانس کرتے رہے فوٹو : اے ایف پی

ویسٹ انڈین ٹیم کی ساری رات ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ فتح کا جشن مناتے ہوئے گزری۔


کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو پارٹی میں آنے کی دعوت یا اجازت نہیں دی گئی، ٹرافی کی شکل کا بڑا کیک کاٹا گیا، کھلاڑی گانے گاتے اور ڈانس کرتے رہے، صبح تک موج مستی جاری رہی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا پر فائنل میں فتح کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کا کرکٹ فیلڈ سے شروع ہونے والا جشن ہوٹل میں بھی جاری رہا، اتوار کو سری لنکا کے پہلے کھلاڑی کے آئوٹ ہونے کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کے پلیئرز نے رقص کرنا شروع کردیا تھا، آخری مرحلے میں کوئی بھی وکٹ گرتی کھلاڑی اپنا مخصوص گینگ نام ڈانس شروع کردیتے اور آخری وکٹ گرنے کیساتھ ہی ڈانس کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ٹیم کی پارٹی کیلیے ہوٹل کے ایک ہال کو مختص کردیا گیا تھا،کھلاڑی جب وہاں پہنچے تو دروازے بند کردیے گئے، اس پارٹی میں کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو مدعو کیا گیا نہ ہی اندر آنے کی اجازت دی گئی، پلیئرز کیساتھ موجود ایک سری لنکن آفیشل کا کہنا ہے کہ وہ سب بہت خوش تھے، وہ گانے گاتے اور ڈانس کرتے رہے، وہاں پر ٹرافی کی شکل کا ایک بڑا کیک بھی کاٹا گیا۔ ہوٹل کے ایک ملازم نے کہا کہ یہ پارٹی صبح تک جاری رہی، اس دوران کرس گیل ٹویٹر پر سائن ان رہے، انھوں نے لکھا کہ میں اس وقت کافی جوش میں ہوں میرا دل تو اکھاڑے میںکسی ریسلر سے دودوہاتھ کرنے کو کررہا ہے، ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ میں جاننا چاہتا ہوں کہ کون مجھے صبح کا ناشتہ دیگا، میں ابھی تک جاگ رہا اور بدستور تازہ دم اور آج شام کو ٹی 20 فائنل کا ری پلے کھیلنے کو بھی تیار ہوں۔

Recommended Stories

Load Next Story