دورہ بنگلہ دیش میں نوجوان کندھے بھاری ذمہ داری کا بوجھ اٹھائیں گے

قومی ٹیم کی ڈھاکا روانگی اپریل کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے

قومی ٹیم کی ڈھاکا روانگی اپریل کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ فوٹو : فائل

دورہ بنگلہ دیش میں نوجوان کندھے بھاری ذمہ داری کا بوجھ اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کی ٹیموں کے انتخاب میں مصروف سلیکشن کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بھی جاری رہا،ابتدائی فہرستیں مرتب کرکے تینوں فارمیٹ کے کپتانوں سے مشاورت بھی کی گئی،گذشتہ روز ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کافی دیر تک بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم میں موجود رہے۔

اس دوران فون پر دیگر فارمیٹ کے کپتانوں اظہر علی اور شاہد آفریدی سے بھی بات کی گئی، ذرائع کے مطابق ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل ناصر جمشید اور عمر اکمل کو باہر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں جگہ بنتی نظر نہیں آرہی، ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے بتدریج نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اسکواڈز کا حصہ بنانے کا پلان تیار کرکے کپتانوں کو بھی اس سے آگاہ کردیا ہے، بابر اعظم اور سمیع اسلم اس بار مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔


فواد عالم کی شمولیت یقینی ہے،شاہد آفریدی کی عدم موجودگی میں ایک آل راؤنڈر کا خلا پُر کرنے کیلیے انور علی کو بھی ون ڈے ٹیم کا حصہ بنایا جاسکتا ہے، بولنگ ایکشن کلیئر کرانے کیلیے کوشاں محمد حفیظ کی شمولیت احمد شہزاد کیلیے خطرے کی گھنٹی ہوگی، وہ ٹوئنٹی 20ٹیم میں بھی شامل ہونگے،اظہر علی، حارث سہیل اور صہیب مقصود سے بھی بیٹنگ کو استحکام دینے کی توقعات ہونگی، احسان عادل کو صرف ٹیسٹ میچز تک محدود کیا جاسکتا ہے۔

انجرڈ محمد عرفان کو کسی بھی فارمیٹ میں آزمانے کے بجائے آرام دے کر فٹنس کی بحالی پر توجہ دی جائے گی،وہاب ریاض،راحت علی اور سہیل خان بھی پیس کا شعبہ سنبھالیں گے، بولنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد سعیداجمل کو بھی پہلی بار صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، اسپن کے شعبے میں شاہد آفریدی کی کمی حارث سہیل اور فواد عالم سے پوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو یاسر شاہ کو ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔

البتہ لیگ اسپنر ٹیسٹ میچز میں سعیداجمل کے معاون ہوں گے۔ دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ تینوں فارمیٹ کیلیے منتخب کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ7اپریل سے لاہور میں شروع ہوگا، قومی ٹیم کی ڈھاکا روانگی اپریل کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے، پہلا ون ڈے 13اپریل کو شیربنگلہ اسٹیڈیم میں ہوگا، سیریز کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان بھی جمعے کو ہونے کا امکان ہے، دوسرا اور تیسرا میچ اور واحد ٹوئنٹی 20 بھی اسی وینیو پر ہوگا، بعد ازاں یہیں پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد قومی ٹیم دوسرے اور سیریز کے آخری مقابلے کیلیے کھلنا میں ڈیرے ڈال دے گی۔
Load Next Story