آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں بالی ووڈ کا بھرپور تڑکا

اداکار سیف علی خان میزبان، رتیک روشن اور شاہد کپور کا مظاہرہ کریں گے

اداکار سیف علی خان میزبان جبکہ رتیک روشن اور شاہد کپور فن کا مظاہرہ کریں گے۔ فوٹو : فائل

انڈین پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب منگل کو کولکتہ میں ہوگی، اس بار بھی بالی ووڈ کا بھرپور تڑکا لگایا جائے گا۔

اداکار سیف علی خان میزبان جبکہ رتیک روشن اور شاہد کپور فن کا مظاہرہ کریں گے، تمام8ٹیموں کے کپتان ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ حلف اٹھائیں گے، دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو کپتان گوتم گمبھیر مقابلے کیلیے ٹرافی واپس کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب منگل کی شام کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں سجائی جائے گی۔


اس کیساتھ ہی سیزن 8کے باقاعدہ آغاز کا اعلان ہوگا۔ حسب سابق اس بار بھی افتتاحی تقریب کو بالی ووڈ کا بھرپور تڑکا لگایا جائے گا، جس سے یہ کسی اسپورٹس ایونٹ کے بجائے میوزک کنسرٹ میں تبدیل ہو جائے گی، اس بار رتیک روشن اور شاہد کپور جیسے میگا اسٹارز پر فارم کرنے والے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ آئی پی ایل کے آٹھویں سیزن کا آغاز بھی تفریح سے بھرپور ہوگا، تقریب کے میزبان سیف علی خان ہوں گے ۔

دیگر بالی ووڈ اسٹارز میں فرحان اختر اور انوشکا شرما کے ساتھ میوزک ڈائریکٹر پریتم بھی موجود ہوں گے۔ ٹھاکر نے مزید کہا کہ تقریب میں تمام8ٹیموں کے کپتان ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ حلف اٹھائیں گے، یہ اس بات کی علامت ہوگا کہ ایونٹ ہمیشہ کی طرح اس بات بھی کھیل کی حقیقی روح کے مطابق ہی کھیلا جائیگا۔ یاد رہے کہ دفاعی چیمپئن ٹیم کا اعزاز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے پاس ہے، اس کے کپتان گمبھیر نئے مقابلے کیلیے ٹرافی واپس کر دیں گے۔
Load Next Story