نئے پلیئرز کو کوچنگ کا پرانا سبق پڑھانے کی تیاری

آج شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے خصوصی لیکچرز دیے جائینگے

پہلا ون ڈے میچ 17اپریل کو شیربنگلہ اسٹیڈیم میرپورڈھاکا میں کھیلا جائے گا جب کہ بقیہ 2 ایک روزہ میچز19اور22 اپریل کو شیڈول ہیں۔ فوٹو: فائل

LODHRAN:
قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کھلاڑیوں کو کوچنگ کا پرانا سبق پڑھانے کا پلان تیارکرلیاگیا، دورئہ بنگلہ دیش کے لیے منگل سے شروع ہونے والے کیمپ میں پلیئرز کو اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے بھی خصوصی لیکچرز دیے جائیں گے، ادھر مالی معاملات طے پاجانے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریزکے شیڈول کا حتمی اعلان بھی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد قومی ٹیم کو دورئہ بنگلہ دیش کا چیلنج درپیش ہے، سیریز کے دوران مہمان ٹیم میزبان سائیڈ کے خلاف2 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹوئنٹی20 میچ میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔

دورے کے لیے ٹیم مینجمنٹ نے ابتدائی مرحلے میں تینوں فارمیٹ کی بجائے صرف ایک روزہ ٹیم کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ہی کیمپ میں طلب کیا ہے۔ مدعو کیے جانے والے کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، فواد عالم، سمیع اسلم ، سرفراز احمد ، محمد حفیظ ،اسد شفیق، محمد رضوان ، حارث سہیل ، صہیب مقصود ، سعید اجمل ، یاسر شاہ ، وہاب ریاض ، راحت علی ، احسان عادل اور سہیل خان شامل ہیں۔یاد رہے کہ مذکورہ کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی کی2 برس کے بعد50اوورز کی کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے ۔


سمیع اسلم اور محمد رضوان پہلی بارقومی اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ متعدد دوسرے پلیئرز کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا خاص تجربہ نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ وقار یونس آسٹریلیا میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ چھٹیاں گزارکرلاہور پہنچ چکے ہیں اور11اپریل تک جاری رہنے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کی صبح 11بجے سے دوپہر 2 بجے تک ٹریننگ کریں گے ، ان کا زیادہ تر دھیان فزیکل فٹنس پر ہوگا تاہم وہ پلیئرز کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیوں کوبھی دورکرنے پرکام کریں گے۔

دریں اثنا پی سی بی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ نے ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے ہر روز ایک یا دوکھلاڑیوں کی میڈیا سے بات کروانے کا انتظام کیا ہے، مزید معلوم ہوا ہے کہ ٹیم میں زیادہ تر نئے اور نا تجربہ کار پلیئرز کی بھرمارہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کواینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے بھی خصوصی لیکچرز دیے جائیں گے، پلیئرزکویہ سبق یاد کروایا جائے گا کہ دورے کے دوران انھوں نے کسی بھی اجنبی شخص سے ملنے سے اجتناب کرنا ہے، منع کرنے کے باوجود اگر کوئی ملنے کا اصرار کرتا ہے ، دھمکی دیتا ہے یا کرپشن میں ملوث ہونے کی پیشکش کرتا ہے تو اس کی فوری اطلاع ٹیم منیجر کو کرنی ہے۔

ذرائع کے مطابق کیمپ کے اختتام کے بعد پلیئرز 12اپریل کو کراچی میں دوبارہ اکٹھے ہوں گے اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے 13اپریل کو ڈھاکاروانہ ہوجائیں گے۔ ادھر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے ساتھ مالی معاملات طے پاجانے کے بعد پاکستان کر کٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کے مطابق قومی ٹیم دورہ بنگلہ دیش کے دوران 2ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔

سیریز کا آغاز 3ایک روزہ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔پہلا ون ڈے میچ 17اپریل کو شیربنگلہ اسٹیڈیم میرپورڈھاکا میں کھیلا جائے گا، بقیہ 2 ایک روزہ میچز19اور22 اپریل کو شیڈول ہیں۔سیریزکا واحد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل 24 اپریل کو کھیلاجائے گا۔پہلاٹیسٹ 28 اپریل سے2 مئی تک شیر بنگلہ اسٹیڈیم میرپور میں کھیلا جائے گا۔ 6 سے 10 مئی تک دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی بھی ڈھاکا ہی کریگا۔
Load Next Story