پاک سری لنکا تعلقات کا خوش آیند سفر

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے آئی ڈی پیز کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان.

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے آئی ڈی پیز کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان. فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستان اور سری لنکا نے دفاع ،ایٹمی توانائی، منشیات اسمگلنگ روکنے، بحری تجارت میں تعاون، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون سمیت 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں اورباہمی تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھانے پراتفاق کیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس میں سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم سری لنکا سمیت تمام پڑوسی ممالک سے پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، سری لنکا اور پاکستان کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک نے دفاع سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ پاک سری لنکا باہمی تعلقات دو طرفہ دلچسپی کے امور کے روایتی محور سے ہٹ کر بھی اعلیٰ سطح پر خیر سگالی اور دو طرفہ تعاون کی بنیاد پر مستحکم ہوتے چلے آرہے ہیں اور جب سے تامل ٹائیگرز کے خلاف برسوں جاری رہنے والی ہولناک اور تباہ کن جنگ کے خاتمہ میں پاکستان سے ملنے والی مدد کو سری لنکا نے مشام جاں کا حصہ بنا لیا ہے اس دن سے دونوں ملکوں کے مابین حکومتی اور عوامی سطح پر دوستی ، باہمی اعتماد اور تجارت و دیگر اہم شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے روابط کا سلسلہ جاری ہے۔


گزشتہ روز اگرچہ وزیراعظم نواز شریف کو یمن کی صورتحال کے حوالے سے بے پناہ مصروفیات کا سامنا تھا مگر وہ سری لنکن صدر مملکت کا خیر مقدم کرنے کو خود موجود تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کا اہم علاقائی اور عالمی امور پر یکساں مؤقف ہے، سری لنکن صدر سے دفاع، تجارت، سیاحت، کھیل اور سارک کے معاملات پر بات ہوئی جب کہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں پر زور دیا گیا، کرکٹ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لے آئی اور دونوں ممالک آیندہ چند سالوں میں باہمی تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے آئی ڈی پیز کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مستحکم بنیادوں پر قائم ہیں جنھیں عوام کی سطح پر مزید بہتر بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوستانہ تعلقات مستحکم کرنے کے نواز شریف کے عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمیں عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا، معاہدے تعاون کے نئے دور کا آغاز ہیں، پی آئی اے سری لنکا کے لیے پروازیں شروع کرے۔ پاکستان سارک ریجن میں سری لنکا کی مصنوعات کا دوسرا بڑا خریدار ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک نہ صرف عالمی امور پر یکساں اصولی موقف رکھیں گے اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے اور خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے کسی عالمی طاقت کی ڈکٹیشن قبول نہیں کریں گے۔
Load Next Story