جنریٹربندکیے بغیرپٹرول ڈالنے سے فلیٹ میں آگ لگ گئی

ڈیفنس فیز 2کے فلیٹ میں واقعہ رونما ہوا، جنریٹر اورقیمتی سامان جل گیا

جونامارکیٹ کی دکان میں شارٹ سرکٹ سے لاکھوں روپے کا سامان خاکستر فوٹو: فائل

جونا مارکیٹ میں برتن کی دکان اور ڈیفنس میں رہائشی فلیٹ میں آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا گھریلو اور دیگر سامان خاکستر ہوگیا۔


تفصیلات کے مطابق کھارادر کی جونا مارکیٹ پھول والی گلی میں پلاٹ نمبر14/20پر قائم شیشے اور پلاسٹک کے برتن کی دکان میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی ، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ، آتشزدگی کی اطلاع پولیس اور دکان کے مالک جیون کو جب ملی تو وہ جائے وقوع پر پہنچے تاہم اس وقت تک فائر بریگیڈ کا عملہ اپنا کام مکمل کر چکا تھا ۔

فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں دو لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا ، آتشزدگی کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث رونما ہوا ، ڈیفنس کے علاقے فیز 2ایکسٹینشن 24 کمرشل اسٹریٹ پر قائم رہائشی عمارت کی دوسری منزل پر فلیٹ میں آگ کی اطلاع پر ڈی ایچ اے فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا ۔ڈیفنس فائر بریگیڈ کے افسر نے بتایا کہ فلیٹ کی گیلری میں جنریٹر چل رہا تھا کہ پیٹرول ختم پر ہونے پر گھر کا بچہ جنریٹر بند کیے بغیر پٹرول ڈال رہا تھا کہ اس میں آگ لگ گئی،آتش زدگی کے نتیجے میں جنریٹر اور کمرے کا قیمتی سامان خاکستر ہوگیا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا ۔
Load Next Story