جامعہ کراچی مارننگ پروگرام کی فیسوں میں اضافے کا فیصلہ

فیسوں میں10سے20 فیصد تک اضافہ کیا جارہا ہے

اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں تعلیمی سال2013کی داخلہ پالیسی کی منظوری بھی دی جائے گی جس میں فیسوں میں اضافہ بھی شامل ہے. فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے مالی بحران سے تنگ آکر اب مارننگ پروگرام کی فیسوں میں بھی اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔


فیسوں میں10سے20 فیصد تک اضافہ کیا جارہا ہے، یہ فیصلہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصرکی زیرصدارت ڈینز کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کی منظوری آج اکیڈمک کونسل سے لیے جانے کا امکان ہے، جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس آج (بدھ کو) دوپہر ڈھائی بجے سماعت گاہ کلیہ فنون میں ہوگا جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کریں گے۔

اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں تعلیمی سال2013کی داخلہ پالیسی کی منظوری بھی دی جائے گی جس میں فیسوں میں اضافہ بھی شامل ہے، جامعہ کراچی کی ڈینز کمیٹی نے آرٹس فیکلٹی کے شعبہ جات کی سیمسٹر فیس 6ہزار روپے، سائنس کے شعبہ جات کی فیس10ہزار روپے جبکہ فارمیسی کی سیمسٹر فیس20 سے25 ہزار تک کرنے پر اتفاق کیا ہے، یاد رہے کہ جامعہ کراچی اپنے سنگین مالی بحران کے سبب اس سے قبل ایوننگ پروگرام کی فیسوں میں بھی10فیصد سے زائد اضافہ کرچکی ہے ، علاوہ ازیں جامعہ کراچی نے نئے تعلیمی سال کے موقع پر تمام شعبہ جات میں''سیلف فنانس'' کی نشستیں بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔
Load Next Story