پاکستان سے سیریزٹائیگرزنے ’اپ سیٹ‘کاارادہ کرلیا

م گرین شرٹس کا احترام کرتے ہیں لیکن خوفزدہ قطعی نہیں،کوچ

حریف سے خوفزدہ نہیں، سعید اجمل نئے ایکشن سے زیادہ موثر ثابت نہیں ہوں گے، کوچ ۔ فوٹو : فائل

بنگال ٹائیگرز نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں 'اپ سیٹ' کا ارادہ کر لیا، بنگلہ دیش ٹیم کے کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے کا کہنا ہے کہ ہم گرین شرٹس کا احترام کرتے ہیں لیکن خوفزدہ قطعی نہیں، سعید اجمل نئے ایکشن کے ساتھ زیادہ موثر ثابت نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم27 برس میں ایک بار بھی بنگلہ دیش میں میزبان ٹیم سے نہیں ہاری مگر اس بارٹائیگرز کو تاریخ کا رخ موڑنے کا یقین اور اپنی صلاحیتوں پر بہت زیادہ اعتماد ہے،انھیں بولنگ ایکشن کلیئر کرانے والے سعید کی واپسی کا بھی کوئی خوف نہیں رہا۔ کوچ ہتھورا سنگھے نے کہاکہ آف اسپنر اپنا ایکشن تبدیل کرچکے، مجھے پوری امید ہے کہ وہ اب ویسے موثر ثابت نہیں ہونگے جیسے پرانے ایکشن کیساتھ ہوتے تھے، ہم ان کے تجربے کا احترام کرتے ہیں۔


بیٹسمین سیریز میں ان کا سامنا کیسے کرتے ہیں یہ بات زیادہ اہم ہوگی، انھوں نے کہا کہ ہم انفرادی پلیئرزکے بارے میں نہیں سوچ رہے، ہمارے پلیئرزکا اپنا ایک پلان ہے جس پر وہ عملدرآمد کرینگے، ایک ٹیم ہونے کے ناطے ہمارے پاس ہر قسم کی صورتحال کیلیے منصوبہ موجود ہے، پاکستانی بولنگ اٹیک بہترین ہے اس لیے انھیں پچھاڑنے کیلیے ہمیں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔ ہتھورا سنگھے نے کہا کہ پاکستانی سائیڈ بنگلہ دیش میں میزبان کیخلاف 1988 سے ناقابل شکست ہے۔

وہ کسی بھی دوسری ٹیم کی بانسبت یہاں کی کنڈیشنز سے کہیں زیادہ تیزی سے ہم آہنگ ہوتے ہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ اس سیریز میں ہم فیورٹ ہونگے کیونکہ ریکارڈز کے مطابق پاکستانی پلیئرز یہاں زیادہ اچھا کھیلتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ہم حریف سے ماضی میں ایک بار جیت چکے، اس باربھی زیر کرسکتے ہیں،اس وقت تمام کھلاڑی ایک ٹیم کی طرح کھیلتے ہوئے اچھا پرفارم کر رہے ہیں، سب ٹیم میں اپنا کردار جانتے ہیں۔
Load Next Story