’’بزرگ‘‘ بھارتی شوٹرز نوجوانوں کیلیے مثال بن گئیں

60 برس کی عمر میں بندوق تھامنے کے بعد قومی سطح کے لاتعداد میڈلز جیت لیے

60 برس کی عمر میں بندوق تھامنے کے بعد قومی سطح کے لاتعداد میڈلز جیت لیے ۔ فوٹو : فائل

''بزرگ'' بھارتی شوٹر نوجوانوں کے لیے مثال بن گئیں، اترپردیش کے ایک گائوں کی 2 خواتین نے بندوق ہی 60 برس کی عمر میں تھامی اور پھر پیچھے مڑ کرنہیں دیکھا، دونوں نے قومی سطح کے کئی میڈلز جیتے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شوٹنگ کا کھیل ہمیشہ سے ہی بھارت کی وجہ شہرت رہا، اس نے عالمی مقابلوں میں سب سے زیادہ میڈلز اسی میں جیتے ہیں، اسے نوجوانوں اور مردوں کا کھیل تصور کیا جاتا ہے، مگر ریاست اترپردیش کے گاؤں جوہڑی کی2 خواتین نے 60 سال کی عمرکے بعد بندوق تھام کرزونل اور قومی سطح پر کئی میڈلز جیت لیے۔


82 سالہ چندرو اور 74 سال کی پرکاشی تومر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں،دونوں کی اس کھیل میں شمولیت کی وجہ پوتے پوتیاں بنے، پرکاشی تومر کی جٹھانی چندرو مختلف کالجزمیں لڑکے لڑکیوں کو نشانے بازی سکھاتی ہیں۔ اس کھیل کو اپنانے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ 65 سال کی عمر میں پہلی بار بندوق تھامی، میں اپنی پوتی شیفالی کو شوٹنگ رینج پر لے کر گئی تھی، بچوں کو دیکھ کر میں نے بھی بندوق اٹھا لی، میرا نشانہ درست لگا، وہاں موجود انسٹرکٹر اس سے کافی متاثر ہوئے اور انھوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔

یاد رہے کہ ان دونوں خواتین کی کوچنگ سے کئی بچے قومی سطح پر صلاحیتوں کا اظہار کررہے ہیں، انھوں نے کہاکہ جب شروع میں میں کھیلنے کے لیے آئی تو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا،گاؤں کے مرد اکثر مذاق اڑاتے تھے۔ پرکاشی نے کہاکہ گاؤں کے آدمی ہمیں کہتے تھے کہ یہ بڑھیائیں کارگل میں جائیں گی، یہ اس عمر میں کھیلیں گی، میں اور چندرو چھپ چھپ کر مشق کیلیے جاتے رہے، ہم گاؤں کی دیگر عورتوں کو اپنے ساتھ لے جاکر ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی تھیں لیکن کوئی بھی ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار نہیں ہوا۔ البتہ چیزیں تب بدلیں جب ہم نے میڈلز جیتے اور تصاویر اخبارات میں آنے لگیں۔

چندرو اور پرکاشی نے 1999 سے 2013 کے درمیان 'ویٹرن کیٹیگری' میں کئی میڈلز حاصل کیے ہیں، انھوں نے کہا کہ گاؤں کے بچے غنڈہ گردی چھوڑ کر صحیح راستے پر آ گئے، کئی نے نشانے بازی کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں بھی حاصل کر لیں، انھوں نے کہا کہ ہم نے پٹنہ اور امیٹھی میں 80 بچوں کو تربیت دی، اب یہ سب قومی سطح پر کھیل رہے ہیں۔
Load Next Story