حفیظ کا سپر ’فلاپ‘ شو رینکنگ چارٹ پر بھی بے نقاب

حفیظ کو بیٹسمین رینکنگ میں پانچ درجے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ اب 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

حفیظ کو بیٹسمین رینکنگ میں پانچ درجے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ اب 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فوٹو فائل

SARGODHA:
محمد حفیظ کا سپر 'فلاپ' شو رینکنگ چارٹ پر بھی بے نقاب ہوگیا،پاکستانی اسٹار بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈر تمام شعبوں میں تنزلی کا شکار ہوگئے، سعید اجمل کو نئے بولنگ ایکشن نے ساتویں نمبر پر پہنچادیا، نئے کپتان اظہر علی کی 85 ویں نمبر سے ایک روزہ رینکنگ میں واپسی ہوئی، پاکستانی ٹیم کے خلاف تاریخی فتح سے بنگلہ دیش کے کئی پلیئرز کیریئر بیسٹ رینکنگ پر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس کا نتیجہ کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تنزلی کی صورت میں برآمد ہوا، صرف چند ہی ترقی پا سکے۔ سب سے زیادہ مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ محمد حفیظ نے کیا، انھیں تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔


تین اننگز میں صرف 8 رنز بنانے والے حفیظ کو بیٹسمین رینکنگ میں پانچ درجے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ اب 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ابتدائی 2 میچز میں حفیظ نے پابندی کی وجہ سے بولنگ نہیں کی،پھر آخری میچ میں آئی سی سی کی کلیئرنس کے بعد گیند سنبھالی لیکن خود کو تنزلی سے نہیں بچاپائے، 3 درجے خسارے سے وہ اب 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ آل راؤنڈرز میں بھی ایک زینہ نیچے اتر کر پانچویں نمبر پر آگئے۔

اسی سیریز میں نئے بولنگ ایکشن کے ساتھ انٹری دینے والے سعید اجمل کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی،اس کا نتیجہ مزید 2درجے خسارے کی وجہ سے ساتویں نمبر پر تنزلی کی صورت میں برآمد ہوا۔ جنید خان کو 10 درجے تنزلی نے 49 اور عمر گل کو 5 درجے خسارے نے 79 ویں نمبر پر پہنچا دیا، وہاب ریاض کی 4 درجے بہتری ہوئی۔

جس کی بدولت وہ 68 ویں نمبر پرآگئے۔ بولرز میں ٹاپ پر آسٹریلیا کے مچل اسٹارک موجود ہیں۔ بیٹسمینوں میں حارث سہیل کو 17 درجے بہتری نے 79 ویں نمبر پر پہنچایا،کپتان اظہر علی کی ایک روزہ فارمیٹ میں واپسی 85 ویں نمبر کے ساتھ ہوئی، ٹاپ پوزیشن ابراہم ڈی ویلیئرز کے پاس ہے۔ عمدہ کارکردگی کی وجہ سے بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم، سومیہ سرکار اور لیفٹ آرم اسپنر عرفات سنی کیریئر بیسٹ پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
Load Next Story