عالمی بینک کی پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی

مختلف رکاوٹوں کے باوجود ٹیکس وصولیوں میں 20 فیصداضافہ ہوا، وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ

ٹوکیو:وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ ورلڈ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کررہے ہیں عالمی بینک نے پاکستان میں مالی نظم وضبط کے آغازکی کوششوںکو سراہا ہے۔ فوٹو : ثناء

آئی ایم ایف اور عالمی بینک کا4 روزہ سالانہ اجلاس بدھ کوٹوکیو میں شروع ہوگیا۔ اجلاس میں پاکستان سمیت دنیابھر سے188 ممالک نے شرکت کی۔


پاکستانی وفدکی قیادت وزیرخزانہ ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ نے کی، وفد میں سیکریٹری خزانہ عبدالواجدرانا ،سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن جاوید اقبال،گورنراسٹیٹ بینک یاسین انور،ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر ندیم الحق سمیت دیگر حکام شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران سائیڈ لائن میٹنگز کاآغاز ہوگیا جس کے تحت قدرتی آفات سے تحفظ اور بچائوکے حوالے سے بھی دوروزہ مذاکرات شروع ہوگئے جن میں پاکستان کی طرف سے سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن جاوید اقبال اور ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹرندیم الحق شرکت کرررہے ہیں ۔

اجلاس کے دوران وزیرخزانہ ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ نے دولت مُشترکہ کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت اور متعدد اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اورغیر ملکی میڈیاکوملک کی اقتصادی صورتحال پربریفنگ دی جس میں انھوںنے غیر ملکی میڈیا کوبتایا کہ مختلف رکاوٹوں کے باوجود پاکستان میں ٹیکس وصولیوں میں 20 فیصداضافہ ہواہے اورحکومت نے اپنے اخراجات کو کم کیاہے۔ اس کے علاوہ افراط زرکی شرح کوکنٹرول کیاہے۔ عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان میں مالی نظم وضبط کے آغازکی کوششوں کو سراہا ہے اورعالمی بینک کے ایم ڈی نے وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلیے عالمی بینک کی طرف سے پاکستان کی بھرپور مدد اور تعاون کیا جائیگا۔
Load Next Story