نیوٹرل امپائرز پر بھی بنگال کا جادو اثر کرنے لگا

کھلنا ٹیسٹ میں امپائرنگ کی ذمہ داری انگلینڈ کے نائجل لانگ اور سری لنکن رینمور مارٹینیز نبھا رہے ہیں

کھلنا ٹیسٹ میں امپائرنگ کی ذمہ داری انگلینڈ کے نائجل لانگ اور سری لنکن رینمور مارٹینیز نبھا رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

نیوٹرل امپائرز پر بھی بنگال کا جادو اثر کرنے لگا،بنگلہ دیش میں ون ڈے سیریز اور ٹوئنٹی 20 میچ کے بعد کھلنا ٹیسٹ میں بھی ناقص امپائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، پہلی اننگز میں پاکستانی اوپنر محمد حفیظ ایک غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھنے سے بال بال بچ گئے،مگر سمیع اسلم کو کیریئر کی پہلی اننگز میں مشکوک انداز میں آؤٹ قرار دیدیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوٹرل امپائرز کی آمد بھی پاک بنگلہ دیش سیریز میں امپائرنگ کا معیار بہتر نہ بنا سکی، گذشتہ روز محمد حفیظ13رنز پر بیٹنگ کررہے تھے کہ میزبان پیسر تیج الاسلام کی گیند پر اسٹروک کھیلنا چاہا، گیند بیٹ کے قریب سے ہوتے ہوئے مشفیق کے گلوز میں لینڈ کر گئی، پُرزور اپیل پر امپائر نے فوراً پاکستانی اوپنر کو واپسی کا اشارہ کردیا۔


حفیظ نے فوری ریویو لیا جس میں ثابت ہوا کہ گیند بیٹ کو چھو کر ہی نہیں گزری تھی، یوں فیصلہ تبدیل ہوگیا اور حفیظ ناقابل شکست سنچری بنانے میں کامیاب رہے،اس کے بعد سمیع اسلم 20 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ تیج الاسلام کی لیگ سائیڈ پر آنے والی گیند اندازے سے کچھ زیادہ موو ہوئی، وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے کیچ تھام کر زوردار اپیل کی لیکن امپائر متاثر نہ ہوئے، بنگلہ دیشی کپتان نے فوری ریویو لے لیا۔

تھرڈ امپائر کافی دیر ری پلیز کا نظارہ کرتے رہے لیکن کوئی چیز بھی واضح نہیں ہورہی تھی، گیند سمیع کے گلوز کے انتہائی قریب سے گزری مگر واضح طور پر کچھ نظر نہیں آرہا تھا، اسنیکومیٹر نہ ہونے کی وجہ سے فیصلہ انتہائی دشوار تھا لیکن شک کا فائدہ دینے کے بجائے نوجوان بیٹسمین کو آؤٹ قرار دیدیا گیا، یوں انھیں سرجھکائے مایوسی کے عالم میں پویلین واپس جانا پڑا۔ واضح رہے کہ کھلنا ٹیسٹ میں امپائرنگ کی ذمہ داری انگلینڈ کے نائجل لانگ اور سری لنکن رینمور مارٹینیز نبھا رہے ہیں، ٹی وی امپائر آسٹریلوی پال رائفل ہیں۔
Load Next Story