سنیل کے کیریئر پرچھائے سیاہ بادل مزید بڑھ گئے

اکتوبر 2014 میں چیمپئنز لیگ کے دوران سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن پہلی مرتبہ مشکوک رپورٹ ہوا تھا،

اکتوبر 2014 میں چیمپئنز لیگ کے دوران سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن پہلی مرتبہ مشکوک رپورٹ ہوا تھا۔ فوٹو: بی سی سی آئی

سنیل نارائن کے کیریئر پر چھائے سیاہ بادل مزید بڑھ گئے،آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے رکن کو آف اسپن بولنگ سے روک دیا گیا،اب اگر انھوں نے ایسی گیند کی تو امپائرز اسے نو قرار دے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین اسپنرکا بولنگ ایکشن22 اپریل کو وشاکھا پٹنم میں حیدرآباد سن رائزرز سے میچ میں دوسری بار رپورٹ ہوا تھا، نائٹ رائیڈرز نے اس کے بعد انھیں کسی میچ میں نہیں کھلایا، چنئی میں قائم آئی سی سی اور بی سی سی آئی کی منظور شدہ لیبارٹری میں بولنگ تجزیے میں کمیٹی نے ان کے ایکشن کی فوٹیج دیکھ کر شواہد جمع کیے۔


وہ اس نتیجے پر پہنچی کہ سنیل نارائن کی آف اسپن بولنگ کا ایکشن غیرقانونی ہے، وہ بھارتی بورڈ کے کسی بھی ایونٹ میں آف اسپن بولنگ نہیں کرپائیں گے، البتہ فنگر اسپن اور سیدھی گیندیں کرسکتے ہیں، ایسے میں اس بات کا خدشہ ہے کہ ان کا کیریئر ہی کہیں ختم نہ ہو جائے،اس سے قبل اکتوبر 2014 میں چیمپئنز لیگ کے دوران سنیل نارائن کا بولنگ ایکشن پہلی مرتبہ مشکوک رپورٹ ہوا تھا، اس وقت انھیں سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی ۔

جہاں امپائرز نے ان کی تمام 24 گیندوں پر شکوک کا اظہار کیا،اس کے بعد وہ فیصلہ کن معرکے میں بولنگ نہیں کرپائے تھے، آئی پی ایل کے آغاز سے قبل بھی ان کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کیاگیا لیکن اس میں انھیں کلین چٹ مل گئی تھی، انیل نارائن نے اب آئی پی ایل کے کسی میچ میں آف اسپن کی تو امپائرز اسے نو بال قرار دے دیں گے۔

البتہ وہ اپنے بولنگ ایکشن کو درست کرکے دوبارہ ٹیسٹ کی درخواست کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کا ایکشن بھی مشکوک رپورٹ ہوا تھا، تبدیلی کے بعد وہ کارآمد بولر نہیں رہے اور بنگلہ دیش سے سیریز میں بدترین ناکامی کا شکار ہوئے، انھیں ان دنوں جاری کھلنا ٹیسٹ میں بھی نہیں کھلایا گیا۔
Load Next Story