اقتصادی بدحالی استحکام کیلیے خطرہ ہے پرویزاشرف

وزیراعظم سے بوسنیاکے صدرکی ملاقات،نسٹ میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی

اسلام آباد:وزیراعظم پرویز اشرف بوسنیا کے صدر باقرعزت بیگووچ کا پرائم منسٹر ہائوس آمد پر استقبال کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم راجاپرویز اشرف نے کہا ہے کہ پوری دنیا اور مسلمان ممالک کو اقتصادی بحران نے متاثر کیا ہے اور اقتصادی بدحالی استحکام کیلیے خطرہ ہے۔

اقتصادی سست روی سے باہر نکلنے کیلیے ضروری ہے کہ ہم انسانی وسائل کی ترقی اور علم کے فروغ کیلیے اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں ، اقوام ایک دوسرے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتی ہیں ، ہمیں پارٹنر شپ اور الائنسز تشکیل دینے ہوںگے اور یہی وجہ ہے کہ ہم بوسنیا کے ساتھ پارٹنر شپ کو فروغ دیناچاہتے ہیں ۔ وہ نسٹ یونیورسٹی کی طرف سے بوسنیا کے صدرکو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔


وزیراعظم نے بوسنیاکے صدر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور قیادت کے اعتراف میں یہ ڈگری دی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ بوسنیا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، اس موقع پر بوسنیا ہرزیگووینا کے صدر باقر عزت بیگوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدلتی ہوئی دنیا کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت ہے،مغرب میں رہنے کے باوجود ہمارے دل مشرق کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بوسنیا میں بدترین قتل و غارت کی گئی ، عالمی برادری نے ہمارے عوام کیساتھ منافقانہ رویہ رکھا، بوسنیا کے عوام نے طویل اور مشکل جدوجہد کے ذریعے مصائب پر قابو پایاہے۔

قبل ازیں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے بوسنیا کے صدر نے وزیراعظم ہائوس میں ون آن ملاقات کی جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا ، وزیراعظم نے انکے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا، بوسنیاکے صدر نے وزیرخارجہ حناربانی کھر اور وزیردفاع سید نوید قمر سے بھی ملاقاتیں کیں۔

Recommended Stories

Load Next Story